کوئٹہ : بلوچستان پیس فورم کے چیئرمین سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کئی دہائیوں پر محیط احساس محرومی اور بیگانگی کے خاتمے کے لیے ہمیں اپنی سوچ اور رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی جس معاشرے میں تعلیمی ادرے فورسز کے قلعہ میں تبدیل اور اساتذہ طلباء طالبات عدم تحفظ کا شکار ہوں وہاں فروغ علم کی توقع کیسے کی جاسکتی ہے ۔
ملک اور صوبے میں تبدیلی کے لیے بااختیار لوگوں کو آگے آنا ہوگا تہذیب یافتہ ممالک میں تعمیری تنقید پر عملدرآمد اور ہمارے یہاں اسے انا کا مسئلہ بنایا جاتا ہے معاشرے میں کھویا مقام دوبارہ بحال کرنے کے لیے اساتذہ کو اپنے پیشہ سے مخلص ہونا ہوگا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول جناح ٹاؤن میں اساتذہ میں تقسیم ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر حاجی اسماعیل گجر ، سید شاہ زیب رضاء ، روبینہ طیب ، فرخندہ فاخرہ اور زینب مینگل سمیت مختلف سرکاری اسکولوں سے تعلق رکھنے والی خواتین اساتذہ بھی موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کے ساحل و سائل پر دسترس کے لیے ہمیں اپنی توجہ حصول علم پر مرکوز رکھنا ہوگی دنیا میں ان قوموں نے ترقی کی ہے جنہوں نے تعلیم کو اپنا شعار بنایا ہے اور وہاں آج بھی اساتذہ کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔
کتب بینی کے فروغ سے ہم بہترین معاشرے کی تشکیل کر پائیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ برٹش دور حکومت میں اساتذہ کو نمایاں رکھنے کے لیے انہیں کلہ اور کوٹ فراہم کیا گیا تھا جو کلہ اور کوٹ ماضی میں اساتذہ کی پہچان ہوا کرتے تھے آج وہ وی آئی پی ہوٹل کے دربار کی پہچان بن چکے ہیں ۔
حکومت کی جانب سے فروغ تعلیم کے لیے آئے روز فنڈز میں اضافے کے دعوے اپنی جگہ اکثر تعلیمی ادارے عصر حاضر میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جس کی وجہ سے طلباء و طالبات کے ڈراپ آؤٹ میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے جو ہماری آئندہ نسلوں کے لیے نیک شگون نہیں ۔
اس موقع پر اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ اپنی ذمہ داریوں کاا حساس کرتے ہوئے اپنے پیشے سے ایمانداری کا مظاہرہ کریں ملک اور قوم کی باگ ڈور آئندہ نسلوں نے سنبھالنی ہے یہ تب ممکن ہے جب اساتذہ اپنے علم کے ذریعے ان کی اصلاح کریں گے ۔
اس موقع پر رواں سال بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے متعدد سکولوں کی 56کے قریب خواتین اساتذہ میں ایوارڈ تقسیم کئے گئے۔