|

وقتِ اشاعت :   November 8 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کچھی (بولان) اور قلعہ عبداللہ میں فائرنگ کے تین مختلف واقعات میں چھ افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ 

لیویز کے مطابق منگل کو کچھی کے علاقے ڈھاڈر سے تقریباً90کلومیٹر دورسنی کے علاقے شوران میں تین سے چار مسلح افراد نے کلاشنکوف سے اپنے مخالفین پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

مقتولین میں گل شیر عرف کنڈل فقیر ولد فتح محمد قوم رند ،احسان اللہ ولد عبدالرسول جتوئی، ظہور احمد عبدالوہاب جتوئی اور ہزار خان ولد عبدالغنی شامل ہیں۔ چاروں مقتولین کا تعلق سنی شوران سے بتایا جاتا ہے۔ قتل کی وجہ پرانی دشمنی بتائی جاتی ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور کشیدگی کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ 

امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے لیویز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی۔ کچھی ہی کے علاقے ڈھاڈر میں نغاری کے مقام پر مسلح شخص نے اپنے ہمسائیہ جمال خان ولد بہار خان کلوہی کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔ 

قتل کی وجہ رشتے کا تنازع بتایا جاتا ہے۔ ادھر قلعہ عبداللہ کے علاقے جنگل پیر علیزئی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل اور دوسرے کو زخمی کردیا۔لاش اور زخمی کو سول ہسپتال کوئٹہ پہنچایاگیاجہاں مقتول کی شناخت فدا محمد ولد عبدالولی ادوزئی سکنہ جنگل پیر علیزئی کے نام سے ہوئی ہے ۔

انہیں جسم کے مختلف حصوں میں آٹھ گولیاں ماری گئیں۔ زخمی عبدالباری ولد محمد اکبر کاکڑ کو بھی جسم کے مختلف حصوں میں پانچ گولیاں ماری گئیں جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ تاہم واقعہ کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔