کوئٹہ: صوبائی وزیر محکمہ منصوبہ بندی وترقیات ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پائیدار ترقی کے لئے بین الاقوامی اداروں کا کردار نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے جس میں سب سے زیادہ ترقیاتی پروگرام میں عالمی بنک کا کردار قابل ستائش اور قابل تقلید ہے۔
یہ بات انہوں نے عالمی بنک کے وفدسے ملاقات کے دوران کہی جس کی سربراہی عالمی بنک کے پاکستان میں آپریشن منیجر مالنڈا گڈ (Ms. Melinda Good) کررہے تھے جس میں ان کے ہمراہ سینئر واٹر ریسورس اسپیشلسٹ ڈاکٹر شیخ جاوید احمداور دیگر سینئر اسپیشلسٹ بھی تھے جبکہ دیگر میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات قمر مسعود، چیف آف سیکشن فارن ایڈ مجیب الرحمن ، چیف آف سیکشن صحت شاہ جہاں خان اچکزئی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر منصوبہ بندی ترقیات ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے وفد کو بتایا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کے ساتھ سوشل سیکٹر کی ترقی کو اولین اہمیت دی ہے جس کی بدولت صوبے میں صحت، تعلیم، پانی کے متعدد منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔
وفد کو صوبائی وزیر نے بتایا کہ بلوچستان میں پانی، صحت، تعلیم، لائیواسٹاک، فشریز، گورننس، زراعت،معدنیات میں استعداد کاری کے لئے بین الاقوامی مالیاتی و تکنیکی اداروں کی آمد کو سراہا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں آبادی کو پینے کے صاف پانی اور زرعی مقاصد کے لئے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے اس سلسلے میں عالمی بنک اس شعبے کی ترقی کے لئے حکومت بلوچستان کی مالی وتکنیکی معاونت کرے تاکہ اس کا پائیدار اور مستقل حل نکالا جاسکے۔
عالمی بنک کے پروجیکٹ منیجر مالنڈ گڈ نے صوبائی وزیر کو عالمی بنک و حکومت بلوچستان کے اشتراک سے جاری منصوبوں کے بارے میں بتایا کہ صوبے میں اس وقت عالمی بنک کے تعاون سے بچیوں کی تعلیم کے فروغ تعلیم کا منصوبہ GPPE-B، گورننس سپورٹ پروجیکٹ، بلوچستان سمال اسکیل اریگیشن پروجیکٹ، بلوچستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروجیکٹ کو شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔
جبکہ جاری منصوبوں میں نیوٹریشن پروگرام، اینٹی گریڈڈ ریسورس مینجمنٹ، گورننس پالیسی پروجیکٹ، گلوبل پاٹنر شپ برائے تعلیم، ای پی آئی میں ہر ممکن مالی وتکنیکی معاونت فراہم کررہی ہے جبکہ ایک اور اہم منصوبہ جو کہ بلوچستان اینٹی گریڈڈ گروتھ وسروس ڈیلیوری کا پروگرام شروع کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ کہ عالمی بنک حکومت بلوچستان کے سوشل سیکٹر کی ترقی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے عالمی بنک کی جانب سے حکومت بلوچستان کو ہرممکن تعاون کا یقین دلایا جس پر صوبائی وزیر نے وفد کا شکریہ اد اکیا۔