|

وقتِ اشاعت :   November 19 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں سرکاری استاد جاں بحق ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ہفتہ کی سہ پہر کوئٹہ کے علاقے جناح ٹاؤن میں سٹی اسکول کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 45سالہ عبدالقدوس ولد عبدالقادر دہوار کے نام سے ہوئی ہے جو مستونگ کا رہائشی تھا اور ایک سرکاری سکول میں استاد کے طور پر تعینات تھا۔ 

انہیں سر میں دو گولیاں ماری گئیں۔ مقتول اپنے بھائی عبدالصادق اور دو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گاڑی میں جارہا تھا۔ مقتول کے بھائی عبدالصادق نے پولیس کو بتایا کہ ان کے بھائی رفع حاجت کیلئے گاڑی سے اترے تھے اس دوران دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار نامعلوم نقاب پوش افراد آئے اور پیچھے سے فائرنگ کرکے بھائی کو قتل کردیا۔ 

عبدالصادق نے بتایا کہ نامعلوم ملزمان نے بارہ اکتوبر کو کوئٹہ کے علاقے مستونگ روڈ پر بھی ہم پر قاتلانہ حملہ کیا جس میں ہم معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری کسی سے دشمنی نہیں۔ 

پولیس نے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند اور شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی۔ ادھر کوئٹہ ہی کے علاقے سریاب مل میں دو گروہوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے دوران فائرنگ سے بڑیچ ٹاؤن کوئٹہ کے رہائشی عبدالعلی ولد محمد ایاز بڑیچ پاؤں میں گولی لگنے سے زخمی ہوا ۔ زخمی کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیاگیا۔