کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر سردار یار محمدرند نے کہا ہے کہ بلوچستان اور وفاق میں ساڑھے چار سال حکومت کے بعد آج نواز شریف کا اتحادی کے سہارے پر کوئٹہ میں جلسہ کرنا شرمناک عمل ہے اگر صوبائی اور وفاقی حکومت نے کچھ کیا ہوتا تو آج ایک برسی کے موقع پر انہیں کسی کے کندھے پر جلسہ کرنے کی ضرورت پیش نہیں آتی ۔
ان کا کہنا تھا کہ صمد خان اچکزئی شہید ایک جمہوری سوچ اور حق کی بات کرنے والے سیاستدان تھے ان کی برسی پر ایک ایسے شخص کو جو پاکستان کی اعلی عدلیہ سے نااہل قرار دیا گیا ہے اور جس نے پاکستانی قوم سے جھوٹ بولا ایسے شخص کو مدعو کرنا باعث افسوس ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا جمہوریت کے دعویدار محمود اچکزئی آج کس منہ سے نواز شریف کو جلسے کی دعوت دے رہے ہیں کل تک محمود اچکزئی نواز شریف اور پنجاب کے لئے کیا الفاظ استعمال کرتے تھے بلوچستان کا بچہ بچہ اس سے واقف ہے آج ایک گورنری اور چند وزارتوں کے خاطر نواز شریف کو اپنا لیڈر ماننا سمجھ سے بالاتر ہے ۔
محمود اچکزئی چند مراعات کے خاطر پشتونوں سے کئے گئے وعدے بھول گئے ہیں اور آج انہیں پشتون قوم سے زیادہ اپنے مفاد عزیز ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کی عوام کو مزید قومیت و مذہب کے نام پر بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا۔