کوئٹہ : ڈرگ کورٹ بلوچستان کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان سلیمان خیل نے بذریعہ مراسلہ سیکرٹری صحت اور ایڈیشنل ڈائریکٹر میڈیکل سٹور ڈیپارٹمنٹ (ایم ایس ڈی ) بلوچستان کو حکم دیاہے کہ وہ میڈی پاک فارماسیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ سے ادویات کی خریداری کا عمل روک دیں۔
بلکہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان میڈی پاک فارماسیوٹیکل کمپنی کی ادویات سازی کالائسنس تاحکم ثانی اورٍمیکوینز انٹرنیشنل فارماسیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے ادویات سازی کا لائسنس منسوخ کرکے عدالت کو آگا کریں۔
عدالت نے انکاز فارماسیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈکے مالک اکبر علی ،کوالٹی کنٹرول انچارج رخسانہ خان کو اشتہاری قرار دینے سے متعلق کارروائی کے آغاز اور آئی کام فارماسیوٹیکل کمپنی کے چیف ایگزیکٹو امتیاز خان اور کوالیفائیڈ پرسن غیاث الدین اوراونکس فارماسیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے مالک معاذ محمود کے عدالت کے روبرو پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دئیے ہیں ۔
محکمہ صحت کی جانب سے کیسز کی پیروی لاء آفیسر سید اعجاز الدین آغا ایڈووکیٹ نے کی ۔گزشتہ روز ڈرگ کورٹ بلوچستان نے غیر معیاری ،زائد المعیاد اور ان رجسٹرڈ ادویات سازی اور اس کی خرید وفروخت کے حوالے سے کیسز کی ۔
سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے میڈی پاک فارماسیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے کیس میں نامزد ملزمان کو مختلف حیلے بہانوں سے کیس کو طول دینے کی کوششوں پر سخت برہمی کااظہار کیا اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کو بذریعہ مراسلہ حکم دیا کہ وہ مذکورہ کمپنی کا لائسنس تاحکم ثانی منسوخ کرے ۔
بلکہ عدالت نے سیکرٹری ہیلتھ بلوچستان اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ایم ایس ڈی کو بھی بذریعہ مراسلہ حکم دیاکہ وہ مذکورہ کمپنی سے ادویات کی خریداری کا عمل فوری طور پر روک دیں واضح رہے کہ میڈی پاک فارماسیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے بنائے گئے۔
ڈرپ میں فنگس کی موجودگی کا نہ صرف انکشاف ہوا تھا بلکہ ایسے ڈرپ ڈرگ کورٹ کے سامنے بھی پیش کئے گئے تھے ۔
عدالت نے بارہا ں نوٹسز کے باوجود پیش نہ ہونے پر میکوئنز انٹرنیشنل فارماسیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر عبدالرحیم کے نہ صرف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات جاری کئے بلکہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) کو بذریعہ مراسلہ حکم دیاکہ وہ مذکورہ کمپنی کا لائسنس منسوخ کرتے ہوئے عدالت کو آگاہ کرے ۔
ڈرگ کورٹ بلوچستان نے انکاز فارماسیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈکے مالک اکبر علی اور کوالٹی کنٹرول انچارج رخسانہ خان کے عدالت کے روبرو پیش نہ ہونے پرانہیں اشتہاری قراردینے سے متعلق کارروائی کے آغاز کے بھی احکامات دئیے بلکہ آئی کام فارماسیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو امتیاز خان اور کوالیفائیڈ پرسن غیاث الدین کے بھی عدم پیشی پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات جاری کئے ۔
عدالت نے اونکس فارماسیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے مالک معاذ محمود کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا اور ساتھ ہی حنظلہ میڈیکل سٹور کیس میں نامزد ملزم سمیع اللہ کے خلاف 87-88کی کارروائی کرنے کے ساتھ عدالت نے محمد میڈیکل سٹور کے مالک برہان الدین اور شاہ زمان میڈیکل سٹور کے شاہ زمان کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دے دئیے ۔بعدازاں ڈرگ کورٹ نے کیسز کی سماعت ملتوی کردی ۔