کوئٹہ +اندرون بلوچستان : اسلام آباد دھرنے پر آپریشن شروع ہو نے کے بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مشتعل مظاہرین نے احتجاج شروع کر دیا جبکہ مظاہرین نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو حب چوکی کے مقام پر بلاک کر دیا جبکہ سبی، نصیرآباد، جعفرآباد سمیت دیگر علاقوں میں مظاہرے کئے گئے اور مطالبہ کیا کہ اسلام آباد دھرنے کے خلاف جاری آپریشن کو فوری طور پر بند کیا جائے کیونکہ آپریشن کرنے سے مسائل مزید گھمبیر ہو گی۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں تحریک لبیک یا رسول اللہؐ کی جانب سے اسلام آباد کے فیض آباد چوک پر جاری دھرنے کے شرکاء کے خلاف آپریشن کے بعد کوئٹہ کے ہاکی چوک پر دھرناد یا گیا جو کئی گھنٹے بعد انتظامیہ کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کردیا گیا ۔
ہفتے کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے فیض آباد چوک پر تحریک لبیک یا رسول اللہ کی جانب سے کئی ہفتوں سے جاری دھرنے کے خلاف انتظامیہ کی آپریشن اور آنسوؤں گیس کی شیلنگ کی اطلاع ملتے ہی ملک کے دیگر حصوں کی طرح کوئٹہ میں بھی تحریک کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج شروع کیا ۔
کوئٹہ کے ہاکی چوک پر کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کرکے دھرنا شروع کیا ۔ مین شاہراہ کی بندش کے باعث سریاب روڈ ، قمبرانی ، ہزار گنجی ،میاں غنڈی ، مستونگ اور دیگر علاقوں کو جانے اور آنے والے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک بری طرح جام رہا ۔ شہریوں کو کئی منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنا پڑا ۔
دھرنے کے شرکاء نے ودفاقی حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیرقانون زاہد حامد کو فوری طور پر ہٹایا جائے ۔
انہوں نے کہاکہ ختم نبوت ؐ بل میں ترمیم کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ختم نبوت کی دفاع کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
فیض آباد میں تحریک لبیک یارسول اللہ کے خلاف حکومت کی جانب سے آپریشن کے خلاف خضدارمیں سنی تحریک کے زیر اہتمام بطور احتجاج مین آرسی ڈی روڈ بند کردیا گیا سنی تحریک کے رہنما مولانا گل حسن ساسولی کی قیادت میں نیوبس اڈہ کے مقام سے سنی تحریک کے کارنوں نے سڑک بند کیا اور زبردست نعرہ بازی کی تاہم سنی تحریک ڈپٹی کمشنر خضدار سنی تحریک کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین نے مین آرسی ڈی روڈ ٹریفک کے لئے کھول دیا ۔
حب کے اہلسنت تنظیموں کی جانب سے فیض آبادمیں ختم۔۔۔نبوت کے سلسلے میں کے احتجاج ودھرناکے شرکا کومنتشرکرنے کے لیے حکومت کی جانب سے آپریشن کے خلاف ملک بھر کی طرح بلوچستا ن کے صنعتی شہر حب میں جماعت اہل سنت حنفی بریلوی کی کال پر حب شہر میں جزوی شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی طور پر کوئٹہ کراچی شاہراہ کوٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔
اس دوران روڈ کے دونوں اطراف بڑی تعداد میں مسافر کوچیں مال بردار گاڑیاں کھڑی ہوگئیں اس دوران مظاہرین نے حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی اس موقع پر لسبیلہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرین کیا گیا ۔
اس کے علاوہ اوتھل اور وند ر میں کو ئٹہ کراچی کو ہرقسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا دوگھنٹے گزرنے کے بعد انتظامیہ نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور کوئٹہ کراچی شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھول دیا اور مظاہرین پرامن طور پر منتشرہوگئے۔
ملک بھر کی طرح فیض آباد دھرنے کے آپریشن کے خلاف سبی میں بھی سنی تحریک اور تحریک لبیک یارسول اللہ کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا و مطاہرہ کیا گیا۔
دھرنے میں فیض آباد آپریشن اور ختم نبوت شق میں تبدیلی کے خلاف فضاء حکومت مخالف فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی ،حکومتی ہٹ دھرمی و آپریشن کی شدید مذمت،اسلام آبادمیں لبیک یارسول اللہ دھرنے میں آپریشن کے خلاف جعفرآباد کے مختلف شہروں ڈیرہ اللہ یار، اوستہ محمد میں بھی مذہبی سنی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
ٹی چوک پردھرنا اورمظاہرہ کیا گیا ، دھرنے کے شرکاء نے وفاقی حکومت کے خلاف شدیدنعرے بازی اور وفاقی وزیر قانون زاہدحامد کوہٹانے کا مطالبہ کیا ۔
تفصیلات کے مطابق جعفرآباد میں احتجاجی ریلی سید محسن شاہ کی قیادت میں ڈی سی چوک سے نکالی گئی جس میں سینکڑوں عاشقان رسولؐ شامل تھے ریلی کے شرکا نے مذہبی جماعتوں کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے ریلی مختلف شاہرہوں سے ہوتی ہوئی ڈیرہ اللہ یار ٹی چوک پردھرنے میں تبدیل ہوگئی۔