کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع سبی میں بم دھماکے کے نتیجے میں دو ایف سی اہلکار شہید اور چار زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق سبی سے شمال کی جانب تقریبا ساٹھ کلو مٹر دور سانگان میں نامعلوم افراد نے کچے راستے پر ریموٹ کنٹرول بم نصب کررکھا تھا۔
ملزمان نے اس وقت ریموٹ کنٹرول سے دھماکا کیا جب ایف سی اہلکار راستے کلیئر کرنے کیلئے سوئپنگ کررہے تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں ایف سی سبی سکاؤٹس 130ونگ کے دو جوان حوالدار عاقب اور سپاہی مقصود شہید ہوگئے جبکہ چار اہلکار شدید زخمی ہوئے۔
زخمیوں کو سنگان سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیاگیا۔ زخمیوں میں سپاہی غلام حسین کو سراور چہرے، سپاہی عارف کو سر، آنکھ اور دونوں بازو پر زخم لگے ہیں اور حالت تشویشناک ہے جبکہ سپاہی آیاز اور سپاہی محمد الطاف کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے سبی کے علاقے سانگان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں دوایف سی اہلکاروں کی شہادت اوردیگر کے زخمی ہونے پر دلی رنج وغم کا اظہارکیاہے۔
انہوں نے دہشت گردوں کی جانب سے بارودی سرنگوں کے ذریعے دہشت گردی کی کاروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سیکیورٹی اداروں کے علاوہ خواتین بچے اورعام افراد بھی بارودی سرنگوں کاشکار ہورہے ہیں ۔
وزیراعلیٰ نے شہیدہونے والے اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت اورہمدردی کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ ایف سی اورقانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے امن کے قیام کیلئے گرانقدر خدمات اوربیش قیمت جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں۔
دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اوران کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیاہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا اوردہشت گرد عناصر کے مذموم مقاصد کو ہرصورت ناکام بنایاجائے گا۔
وزیراعلیٰ نے شہیداہلکاروں کے درجات کی بلندی اورسوگوارخاندانوں کیلئے صبرجمیل جبکہ زخمی اہلکاروں کی جلدصحت یابی کی دُعاکی ہے۔
سبی کے قریب بم دھماکہ2ایف سی اہلکار شہید4زخمی
![]()
وقتِ اشاعت : November 29 – 2017