|

وقتِ اشاعت :   December 13 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ میں ساڑھے چار ارب ڈالر کی 248ٹن منشیات نذر آتش کردی گئی۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے پرامن اور خوشحال بلوچستان میں منشیات کی کوئی گنجائش نہیں ہے ،صوبے میں منشیات کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔

یہ بات انہوں نے منگل کو ریجنل ڈائریکٹوریٹ اینٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان، فرنٹیئر کور بلوچستان، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کوئٹہ اور پاکستان ریلوے پولیس کی جانب سے کچھ موڑ میں منشیات کو نذر آتش کرنے کی مشترکہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

تقریب میں اے این ایف،ایف سی ، ایکسائز، پولیس اور دیگر محکموں کے حکام نے بھی شرکت کی۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ منشیات نوجوان نسل کو تباہ کرتی ہیں نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہمارے مستقبل سے کھیلے ۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے منشیات کے خاتمے کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں صوبے میں منشیات کے ناسور کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ منشیات کی خرید و فروخت سے حاصل ہونے والا سرمایہ دہشتگردی کے فروغ کے لئے استعمال ہوتا ہے ساڑھے چارارب ڈالر کی منشیات کا پکڑا جانا سیکورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے۔ یہ سیکورٹی فورسز کا قوم پر احسان ہے جنہوں نے کئی گھر تباہ ہونے سے بچائے ہیں۔ 

تقریب میں منشیات کی ایک بڑی مقدار کو جلاکر تلف کیا گیا ۔جلائی جانے والی منشیات کی مقدار248ٹن بتائی جاتی ہے جس کی مجموعی مالیت بین الاقوامی مارکیٹ میں ساڑھے چار ارب ڈالر بنتی ہے۔ 

نذر آتش کی گئی منشیات میں اے این ایف کی جانب سے مختلف کارروائیوں میں پکڑی گئی211.5ٹن منشیات شامل ہیں۔ جس میں 110ٹن چرس، 55ٹن افیون،23ٹن ہیروئن،9ٹن مارفین،3ٹن ایمفٹامائن،379کلو گرام کوکین،4.5ٹن امونیم کلورائیڈ،522لیٹر ایسٹون،4205لیٹرایسٹک این ہائیڈرائڈ،593لیٹراسپرٹ امونیا، 1404لیٹر دیگر ممنوعہ کیمیکل،380.5لیٹربوتل شراب شامل تھیں۔

جبکہ ایف سی کی جانب سے پکڑی گئی36ٹن، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پکڑی گئی582کلو گرام منشیات اور ریلوے کی جانب سے پکڑی گئی دس کلو گرام کو نذر آتش کیاگیا۔

تقریب کے دوران اے این ایف حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ اس سال اے این ایف اور ایف سی بلوچستان کی مشترکہ کارروائی کے ذریعے ضلع لورالائی اور قلعہ عبداللہ کے مختلف علاقوں میں 128ایکڑ پر موجود پوست کی فصل کو بھی تلف کیا گیا ۔

اینٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان کی جانب سے فرنٹیئر کور بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ضلع قلات کی تحصیل خالق آباد (منگچر)میں 279ایکڑ رقبے پر پھیلی بھنگ کی فصل کو تلف کرکے ذمہ داران کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا جس کے نتیجے میں منشیات کی ایک بڑی مقدار کو بننے اور ملک میں پھیلنے سے روک دیا گیا ۔

علاوہ ازیں موجودہ سال کے دوران اینٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان کے 118کامیاب چھاپوں کے نتیجے میں تقریباً212ٹن منشیات پکڑی گئی اور 57ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ 

تقریب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول انتظامیہ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور منشیات کی روک تھام کے سلسلے میں اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارکردگی کو سراہا۔