کوئٹہ: بلوچستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا۔ ژوب کے دو سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ژوب ڈاکٹرمظفر شاہ کے مطابق ژوب کے علاقے یونین کونسل حسن زئی میں حریفال آباد کے قریب کلی سہراب گوٹھ میں رہائش پذیر اختر محمد ناصر کے دو سالہ بچے حبیب الرحمان میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ بچے کا خاندان سائلنٹ رفیوزل تھا یعنی متاثرہ بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہیں پلائے گئے۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق بلوچستان میں رواں سال پولیو کا یہ دوسرا اور ملکی سطح پر ساتواں کیس ہے ۔ اس سے قبل چمن میں پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہوا تھا۔ گزشتہ سال بھی کوئٹہ اور چمن میں پولیو کے دو کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔