کوئٹہ: بلوچستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا، قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان کا 16ماہ کا ہٹلر ولد محمد علی پولیو کا شکار،بچے کے والدین پولیو سے انکاری تھے،رواں سال بلوچستان میں پولیو کا تیسرا اور ملک کا آٹھواں کیس ہے۔
محکمہ صحت زرائع کے مطابق بلوچستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا ہے، قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان کی یونین کونسل گلستان کا رہائشی 16ماہ کا ہیٹلر ولد محمد علی وائرس کا شکار ہوگیا ہے، بچے کا تعلق کبزئی قبیلے سے ہے،بچے کے والدین پولیو سے انکاری تھے جو بچے میں پولیو کے وائرس کا سبب بنا، جس کے بعد بلوچستان میں رواں سال پولیو کے کیسز کی تعداد 3ہوگئی ہے۔
صوبے میں پولیو سے انکاری والدین کی تعداد 3ہزار کے لگ بھگ ہے جبکہ سب سے زیادہ انکاری والدین قلعہ عبداللہ سے تعلق رکھتے ہیں، قلعہ عبداللہ ، کوئٹہ اور پشین پولیوکے حوالے سے انتہائی حساس اضلاع شمار کئے جاتے ہیں جہاں پولیو مہم کیلئے اضافی اقدامات کئے جاتے ہیں تاہم پولیو سے انکاری والدین کی اتنی بڑی تعداد اب بھی صوبے سے پولیو کے مکمل خاتمے کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔