|

وقتِ اشاعت :   December 20 – 2017

ڈھاڈر : نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و صوبائی وزیر ایس اینڈ جی اے ڈی نواب محمد خان شاہوانی نے کہا ہے کہ صوبے کے امن وامان کو مزید بحال کرنے کے لئے غیر ملکیوں کا انخلا کرکے ان کو اپنے وطن واپس بھیجا جائے۔

مرکزی حکومت بلوچ ، پشتون اور جامووٹ اقوام کے صوبے کے علاقے گوادر کے حوالے سے تحفظات دور کرنے میں اپنی آئینی ، قانونی ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے صوبے کے عوام کے حقوق دیئے جائیں ۔

نیشنل پارٹی کے مرکزی قائدین سینیٹر میر حاصل بزنجو اور سینیٹر میر کبیر محمد شہی گوادر کے حوالے سے جو بھی غلط اقدامات ہوں گے ان کو کسی بھی صورت قبول نہیں کرنے دیں گے ۔ نیشنل پارٹی نے اقتدار کو صوبے کے حقوق کے لئے حقیقی طور پر قبول کرتے ہوئے اپنی آنے والی نسلوں کی بہتری کے لئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچ قوم پرستی کا ثبوت دیا ہے گوادر کے عوام کو کسی صورت تنہاء نہیں چھوڑیں گے ۔

ان کے مسائل حل کرنے اور ان کے حقوق نیشنل پارٹی غصب نہیں ہونے دے گی ۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی صوبائی حکومت میں شامل عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے ۔

خالی خولی نعروں کا دور گزر گیا اب عملی طور پر کام کرنے کے لئے ہر فورم کا استعمال کریں گے ۔ نیشنل پارٹی کی جدوجہد کا مقصد مستحکم و مضبوط بلوچستان ہے جس کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جاسکتا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی این پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ نواب محمد خان شاہوانی نے کہاکہ نیشنل پارٹی نے ہمیشہ عوام کے مفادات کو ترجیح دی قلیل عرصہ میں جس طرح سے عوامی مسائل کو حل کیا گیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ 

بلوچستان کے سلگتے مسائل کا خاتمہ تعلیم و صحت کی بہتر سہولیات کی بروقت فراہمی اور عوام مسائل کو حل کرنے کے لئے جو اقدامات کئے گئے وہ قابل ذکر ہیں ہم اعلانات کا سہارا نہیں لیتے بلکہ عملی خدمت کرکے عوام کے دلوں میں جگہ بناتے ہیں ۔ 

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی کاوشوں کے باعث کئی مسائل کا خاتمہ ممکن ہوا ہے ہم ان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ان کی بلا رنگ و نسل کاوشوں سے بلوچستان کی تعمیر و ترقی خوشحالی کا نیا دور شروع ہوچکا ہے ۔ 

نیشنل پارٹی کی جدوجہد کا مقصد و محور ترقی یافتہ خوشحال مضبوط مستحکم بلوچستان اس کے لئے جدوجہد جاری رہے گی ۔ بلوچستان کی پسماندگی و محرومی کے خاتمے کے لئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور نیشنل پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین اپنی صلاحیتوں کا استعمال کررہے ہیں جو کسی سے پوشیدہ نہیں ۔

ظلم و جبر استحصال سے پاک ترقی و تعلیم یافتہ پرامن مضبوط و مستحکم بلوچستان بلوچستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنائیں گے اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ مستونگ و کچھی سمیت بلوچستان بھر کی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ 

ایم پی اے فنڈز عوام کی مشاورت سے خرچ کئے جائیں گے اجتماعی مسائل کو اولیت دی جائے گی کسی کو نظر انداز نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑوں سے اتارنے والے بلوچ رہنماء پاکستان کے نعرہ لگا کر ہتھیار پھینکنے والوں کے لئے عام معافی دے کر صوبائی حکومت نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر صوبے کا امن بحال کرنے میں کردار ادا کررہی ہے بھٹکے ہوئے بلوچ رہنماء ہمارے بھائی ہیں ان کے ساتھ عام معافی پاک آرمی کی جانب سے دی جانے والی قابل ستائش ہے ۔