|

وقتِ اشاعت :   December 21 – 2017

حب :  آئندہ الیکشن میں لسبیلہ میں جام بھوتانی الائنس سے مشاورت کیلئے صنعتی شہر حب میں بڑی بیٹھک ، ممبر بلوچستان اسمبلی وسابق نگران وزیر اعلی سردار صالح محمد بھوتانی اور سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار اسلم بھوتانی سمیت سپورٹرز کی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

تفصیلات کے مطابق رکن بلوچستان اسمبلی وسابق نگران وزیر اعلی بلوچستان سردار صالح محمد بھوتانی نے آئندہ الیکشن میں جام گروپ سے الائنس کے حوالے سے مشاورت کیلئے حب میں طلب کردہ اجلاس میں سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار محمد اسلم بھوتانی ،سابق سینیٹر وچےئرمین میونسپل کمیٹی گڈانی وڈیرہ عبدالحمید بلوچ سمیت بھوتانی گروپ کے اکثریتی سپورٹر ز وڈیروں بلدیاتی ممبران اور لسبیلہ میں آباد مختلف برادر اقوام کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اور باہمی مشاورت سے بھوتانی جام گروپ میں اتحاد کی حمایت کی گئی،رکن بلوچستان اسمبلی وسابق نگران وزیر اعلی بلوچستان سردار صالح محمد بھوتانی نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلاف رائے کی قیمت اجتماعی نقصان کی صورت میں اداکرنا دانشمندی نہیں ۔

جہاں برادریوں میں دوریاں پیدا ہوں چراگائیں پہاڑ اور مقامی لوگوں کے زیر تصرف اراضیات کو طاقتور لوگ ہمارے اختلافات کا فائدہ اٹھا کر ہتھیانے کیلئے تگ ودو کرتے رہے ہم انھیں باہمی یکجہتی سے ہی شکست فاش سے دوچار کرسکتے ہیں ہم آج جس مقام پر ہیں اللہ کے بعد لسبیلہ کے باشعور عوام اور اپنے سپورٹر زکی بدولت ہیں۔

سردار صالح محمد بھوتانی نے کہا کہ کسی بھی صورت انکی کرم نوازیوں کو نہیں بھول سکتے یہ ہونہیں سکتا اور کوئی اس گمان میں نہ رہے کہ ہم تمام معاملات طے کرکے آئے ہیں ،اور نہ ہی لوگوں کو کوئی لولی پاپ دینے آئے ہیں بلکہ ہم عوامی فیصلے اور اکثریتی رائے کو مقدم سمجھتے ہیں جو فیصلہ اکثریتی رائے کا ہوگا اسی کو ہم اپنائیں گے ۔

سردار صالح محمد بھوتانی نے عوامی رائے سننے کے بعد کہا کہ اکثریتی رائے وقت اور حالات کی ضرورت کا ادراک کرتے ہوئے علاقے کی ترقی اور حقوق کی پاسبانی کیلئے اتحاد کی حامی نظر آتی ہے جام بھوتانی گروپ کا آئندہ الیکشن میں اتحاد ہوبھی گیا تو پھر بھی عوامی مفاد کو مدنظر اور اولیت دیں گے اور اگر ایسا ہوتا نظر نہیں آئیگا تو یاد رہے کہ سیاست میں کوئی بھی حرف آخر نہیں ۔

انھوں نے کہا کہ لسبیلہ کے لوگوں نے جس طرح ہمیں نو مرتبہ اسمبلیوں میں نمائندگی کیلئے بھیجا یہ عوام کا عتماد ہی ہے کہ ہم آج عوامی بیٹھک لگائے ہوئے ہیں ہمارے فیصلے ڈرائنگ روم میں نہیں بلکہ سپورٹر ز کی مشاورت اور اکثریتی رائے اور جمہوری طریقے سے ہوتے ہیں ہم اپنے حامیوں پر کوئی بھی انفرادی فیصلہ مسلط نہیں کرتے ہمیشہ عوام کے حقوق مفاد اور علاقے کے عوام کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ باہر کے جولوگ یہاں کے لوگوں کی جدی پشتی اراضیات کو ہتھیانے کے خواہاں ہیں انشاء اللہ انھیں عوامی طاقت سے سبق سکھائیں گے اجلاس میں سابق ضلع ناظم ولسبیلہ کی مشہور ومعروف شخصیت ابراہیم دودا ، اللہ بخش دلہاری ، وڈیرہ راشدانور ، گل حسن محمد حسنی کونسلر رفیق مگسی اور بھوتانی گروپ لسبیلہ کے مختلف یونٹوں کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔