کراچی: پاکستان کے عالمی پروفیشنل باکسر محمد وسیم شدید مالی مشکلات سے دوچار ہوگئے جب کہ ان کے کورین پروموٹر نے بھی مزید مدد کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
مشکلات سے دوچار پاکستان کے عالمی پروفیشنل باکسر محمد وسیم مزید مالی مسائل کا شکار ہوگئے ہیں جب کہ ان کے کورین پروموٹر نے بھی مزید مدد کرنے سے معذرت کرلی ہے، ان حالات میں محمد وسیم ورلڈ نمبر ون رینکنگ سے محروم ہونے کے قریب پہنچ گئے ہیں، اگر مخصوص مدت کے دوران محمد وسیم نے بڑی فائٹ نہ لڑی تو وہ اپنے عالمی نمبر ون رینکنگ سے محروم ہوجائیں گے۔
ورلڈ باکسنگ کونسل کی سلور فلائی ویٹ بیلٹ کے حامل محمد وسیم سے یہ اعزاز بھی چھن جانے کا امکان بڑھ گیا ہے، ان کے کورین پروموٹر اینڈی کم کا کہنا ہے کہ اب میں وسیم کا مزید مالی بوجھ برداشت نہیں کر سکتا، جتنے پیسے تھے، وہ سب محمد وسیم پر خرچ کرچکا ہوں، وسیم اب میری اولین ترجیحات میں شامل نہیں رہا، مزید یہ اب وسیم کے لیے عالمی ٹائٹل فائٹ ناممکن ہوچکی ہے اور ورلڈ ٹائٹل فائٹ کے لیے ڈیاگو ہیگا سے تعلق رکھنے والا دوسرا فائٹر امیدوار بن گیا ہے۔
کم کا یہ بھی کہنا ہے کہ اب تمام صورتحال محمد وسیم کے خلاف جارہی ہے، محمد وسیم ایک بہترین فائٹر ہے اور اسی وجہ سے اس کا ساتھ بھی دیا تھا، اینڈی کم نے شکوہ کیا ہے کہ وسیم کے حوالے سے حکومت پاکستان کے اعلیٰ حکام کو ایک درخواست بھی بھیجی تھی مگر کوئی جواب نہ ملا، حکومت نے پہلے جو فنڈز جاری کیے وہ وسیم کی تیاریوں پر خرج ہوچکے، اب مزید رقم درکار ہے۔
دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ کولمبیا میں تربیت پانے والے وسیم رقم نہ ہونے کے سبب اگلے چند روز میں واپس وطن لوٹ رہے ہیں، اپنے عالمی اعزاز کے دفاع کی تیاریوں کے لیے وسیم کو سات کروڑ روپے سے زائد کی رقم درکار ہے۔