|

وقتِ اشاعت :   December 21 – 2017

سئیول: جنوبی کوریا میں واقع ایک 8 منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ 

جنوبی کوریا کی خبررساں ایجنسی یوں ہپ کے مطابق یہ عمارت شہر جیکیون میں واقع ہے جس میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ لگ گئی، عمارت کی دوسری منزل پر ایک جمنازیم اورسونا غسل خانہ (گرم بھاپ کا حامل) بنا ہوا تھا وہاں اب تک 18 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے اور 24 سے زائد افراد جھلس کر زخمی ہوئے ہیں۔

واقعے کے بعد عمارت سے دھویں کے بادل اڑتے ہوئے دیکھے گئے تاہم امدادی کارروائیوں کے باوجود جانی نقصان میں اضافہ ہوا، عمارت میں سب سے زیادہ ہلاکتیں دوسری منزل پر ہوئیں جہاں سے 15 افراد کی لاشیں ملی ہیں، اس کے بعد فائر بریگیڈ اور دیگر امدادی عملے نے مزید زخمیوں کے لیے پوری عمارت کا جائزہ بھی لیا۔

فائر بریگیڈ کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی لیکن قیاس ہے کہ سب سے پہلے پارکنگ میں آگ لگی تھی،  مقامی افراد نے بتایا کہ اس کارروائی میں ہیلی کاپٹر نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا اور لوگوں نے چھلانگ لگا کر ایک بڑے میٹرس پر اتر کر خود کو محفوظ کیا۔