|

وقتِ اشاعت :   December 23 – 2017

اسلام آباد: ڈیرہ بگٹی کے بے روزگار انجینئرز کا اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان، صوبائی وزیر اور سینیٹر کی دھرنے میں شرکت متوقع ہے۔

قدرتی وسائل سے مالا مال ضلع کے بے روزگار انجینئرز کے نمائندے پیٹرولیم انجینئر شیر زمان بگٹی کا نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ڈیرہ بگٹی میں 1952ء سے گیس نکل رہی ہے جو ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہے۔

ضلع میں سوئی ،اوچ ، پیرکوہ اور لورالائی پرمشتمل چار فیلڈز فعال ہونے کے باوجود وہاں کے مقامی نوجوان حصول روزگار کیلئے پریشان ہیں، خطے میں ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل انجینئر روزگار کے مواقع نہ ہونے کے باعث کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

اس کے باوجود او جی ڈی سی ایل میں ہونے والی بھرتیوں میں ڈیرہ بگٹی کے مقامی انجینئرز کو نظرانداز کیاگیاجو مقامی انجینئرز کے ساتھ سراسر نا انصافی ہے، ڈیرہ بگٹی میں قابل اور باصلاحیت انجینئرز موجود ہیں جو بلوچستان کی ترقی کیلئے اپنی تمام خدمات پیش کرنے کو تیار ہیں۔

،ان کا کہنا تھا کہ بے روزگار نوجوانوں کے داد رسی کیلئے سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی ،صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے بھی دھرنا دینے کا عندیہ دیا ، مطالبہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ہر کمپنی اپنی غیر منصفانہ فیصلہ واپس لیتے ہوئے مقامی انجینئرز کی تعیناتی کو یقینی بناتے ہوئے مقامی انجینئرز کیلئے کوٹہ مقرر کرے ۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر کمپنی نے روش تبدیل نہ کی تو ہم مقامی انجینئرز اسلام آباد پریس کلب میں دھرنا دیں گے جو ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے ۔