سبی: بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سابق صوبائی وزیر میر اسداللہ بلوچ نے کہا ہے کہ بی این پی عوامی ہی صوبے کے عوام کو موجودہ بحرانوں سے نبردآزما کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
صوبے کے عوام کا بلند معیار زندگی اور سہولیات کی فراہمی بی این پی عوامی کے منشور میں شامل ہے ،عوام ہی ہماری طاقت کا محور ہیں ،صوبے کے عوام 2018کے عام انتخابات میں غاصب اور لٹیروں کا احتساب پرچی کی طاقت سے کریں گے۔
سبی بلوچستان کی ثقافت و تاریخ کا امین شہر ہے پارٹی اقتدار میں آکرصوبے سمیت سبی کی تعمیر وترقی پر خصوصی توجہ دئے گی ،کارکن پارٹی پیغام گھر گھر پہنچائیں اور عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی این پی عوامی ضلع سبی کے ڈپٹی آرگنائزر میاں محمد یوسف سے کراچی سے بذریعہ ٹیلی فونک بات چیت میں کیا ،انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی سوبے کے مظلوم و محروم طبقے کی نمائندہ جماعت ہے جو صوبے کے عوام کے حقوق کے حصول کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے اور عوام کے حقوق کے حصول کی اس جدوجہد میں کسی دباؤ یا پھر مراعات کو دیکھ کر دستبردار نہیں ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام ہی ہماری سیاسی قوت کا محور ہیں اور انشاء اللہ یہی عوام2018کے عام انتخابات میں غاصب و لٹیرئے حکمرانوں کا احتساب پرچی کے ذریعے کریں گے انہوں نے کہا کہ عوام کا معیار زندگی بلند بنانا اور ان تک بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہمارا مشن ہے ۔
ماضی میں بھی ہم نے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے جس کے تسلسل کا تاحال جاری رکھا ہوا انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو موجود بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت بی این پی عوامی ہی کی قیادت میں موجود ہے جن پر صوبے کے عوام کا اعتماد بھی قائم ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سبی بلوچستان کی تاریخ و ثقافت کی عظیم سرزمین ہے اور اس سرزمین کے سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں انشاء اللہ میں خود بھی بہت جلد سبی کا دورہ کروں گا اور سبی کے عوام کے مسائل سنوں گا ۔
انہوں نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ چاکر اعظم کی سرزمین سبی نے ہمیشہ باصلاحیت،مفکر شاعر اور ادیبوں کو پیدا کیا ہے یقیناًیہ افراد اپنی قلم کی نوک کے ذریعے یہاں کے عوام کی تقدیر کو بدل دیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی اقتدار میں آکر سبی کے عوام کو درپیش مسائل سے نجات دلانے کے لیے عملی طور پر ٹھوس اقدامات اٹھائے گی تاکہ یہاں کے عوام کا معیار زندگی بہتر ہوسکے ۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن اپنی سیاسی و فکری جدوجہد کو تسلسل کے ساتھ برقرار رکھیں اور پارٹی پیغام گھرگھر تک پنچائیں انشاء اللہ آنے والے الیکشن میں بی این پی عوامی پورئے صوبے سے کلین سوئیپ کرئے گی۔
صوبے میں غاصب اور لٹیروں کا احتساب پرچی کی طاقت سے کریں گے ،اسد بلوچ
وقتِ اشاعت : December 25 – 2017