آکلینڈ: نیوزی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے پاکستان کے خلاف 2 ایک روزہ میچ کے لئے 13 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس میں 2 اسپنرز بھی شامل ہیں۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 6 جنوری سے ویلنگٹن میچ سے ہوگا جب کہ کیویز سلیکشن کمیٹی نے ابتدائی 2 میچز کے لئے 13 رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں انجری کا شکار ہونے والے اوپننگ بلے باز مارٹن گپٹل کی دوبارہ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جس کے بعد اوپننگ بلے باز جارج ورکر کو جگہ خالی کرنا ہوگی جو ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچز میں 2 نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔
نیشنل سلیکٹر گیون لیزر کا کہنا ہے کہ جارج ورکر کو شامل نہ کرنا مشکل فیصلہ تھا تاہم انہیں آئندہ موقع دیا جائے گا جب کہ مارٹن گپٹل دنیا کے مایہ ناز بلے باز ہیں جو خود کو ثابت کرچکے ہیں اس لئے انہیں ٹیم میں شامل کرنا ہی تھا۔
نیوزی لینڈ کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے پاکستان کے خلاف ٹوڈ ایسٹل اور مچل سینٹنر کو شامل کیا ہے، جو اسپن بولنگ کے شعبے میں خدمات پیش کریں گے، ٹوڈ اسٹل نے ویسٹ انڈیز کے خلاف حال ہی میں ڈیبیو کیا اور 3 میچز میں 4 وکٹیں حاصل کیں اور وہ بیٹنگ کرنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے 13 رکنی اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں کپتان کین ولیمسن، میٹ ہینری، ٹام لیتھم، روس ٹیلر، ٹم ساؤتھی، کولن منرو، ٹرینٹ بولٹ، فوکی فرگوسن، ہینری نکولس اور ڈوگ براسویل شامل ہیں۔