|

وقتِ اشاعت :   January 2 – 2018

مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیل کی فوجی عدالت نے قابض صیہونی فوجیوں کو تھپڑ رسید کرنے والی نہتی فلسطینی لڑکی پر فرد جرم عائد کردی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دوہفتے قبل انٹرنیٹ پر16  سالہ احد تمیمی اور ان کی بہن کے حوالے سے ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں وہ قابض اسرائیلی فوجیوں کو فلسطین سے نکل جانے کا کہہ رہی تھی، اس دوران مزاحمت کرتے ہوئے احد تمیمی نے قابض فوجیوں کو تھپڑ رسید  کیا، وڈیو وائرل ہونے کے بعد اسرائیلی فوج  نے احد تمیمی اور ان کی بہن کو گھر سے گرفتار کیا جبکہ والدہ ناریمان کو بھی اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ احد سے ملنے پولیس اسٹیشن گئیں۔ 12 روز تک اسرائیلی حراست میں رہنے کے بعد آج فوجی عدالت نے ان پر فرد جرم عائد کردی ہے۔

واضح رہے کہ احد تمیمی کواس وقت گھر سے گرفتار کیا گیا جب امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے کے اعلان کے بعد فلسطینی نوجوانوں نے احتجاج شروع کیا، احتجاج کے دوران احد تمیمی نے اسرائیلی فوجیوں کو اپنے ملک سے  نکل جانے کا کہا اور تھپڑ رسید کردیاجبکہ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فوجی فلسطینی لڑکوں کو قریب ہی آتی جاتی گاڑیوں پر پتھر پھینکنے سے روکنے کی کوشش کررہے تھے اس دوران احد تمیمی نے حملہ کیا۔