|

وقتِ اشاعت :   January 7 – 2018

کوئٹہ :  بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی سینٹرل کمیٹی کے رکن شکیلہ نوید دہوار نے سابق وفاقی وزیر میر ہمایون عزیز کرد کی ساتھیوں سمیت بی این پی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے انکی شمولیت سے بلوچستان نیشنل پارٹی صوبے میں مزید فعال ہوگی ۔

شکیلہ نوید دہوار نے اپنے بیان میں کہاہے کہ بلوچ قوم کی نمائندہ جماعت ہونے کے ناطے پارٹی نے کبھی بلوچ قومی مفادات پر سودہ بازی نہیں کی ۔

اصولوں کی سیاست اور جہد مسلسل سے وابستگی کی بنیاد پر ہمارے ساتھیوں کو شہید کیا گیا ۔ ہر آنے والی حکومت نے پارٹی کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی مگر بلوچستان کے عوام کی پارٹی سے سچی وابستگی نے انکے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیئے۔

انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ایک جانب مراعات کی سیاست اور دوسری جانب بلوچ قوم کی پسماندگی بے بسی اور لاچارگی کے خاتمے اور روشن مستقبل کی تلاش میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے قیادت اور کارکنوں کی طویل جدوجہداور قربانیاں ہیں۔ پارٹی میں قدآور شخصیات کی شمولیت سے یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ بلوچ قومی مفادات کے آگے ذاتی مفادات بے معنی ہیں ۔

صوبے بھر سے لوگوں کی پارٹی میں شمولیت ہماری سیاسی فتح ہے ۔

انہوں نے صوبے کے خواتین سے اپیل کی ہے کہ پارٹی کے شہداء کے ارمانوں کی تکمیل کیلئے بلوچستان نیشنل پارٹی کی جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں اور پارٹی پیغام کو گھر گھر پہنچائیں ۔