سبی: سابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش خان باروزئی،کمانڈنٹ سبی اسکاؤٹس کرنل ذوالفقار باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی نئی نسل کو جہالت اور پسماندگی کی تاریکیوں سے نکالنے کے لیے علم کی روشنی پھیلانا ناگزیر ہے،
نئی نسل کو علم و ہنر کے مواقع فراہم کرکے ان کی صلاحیات سے استعفادہ حاصل کیاجاسکتا ہے ،والدین اپنے بچوں کو تعلیم وتربیت کی جانب راغب کریں۔
پاکستان دشمن قوتیں ہماری نئی نسلوں کو سازش کے تحت تعلیم سے دوررکھ کر ملک کمزور بنانا چاہتے ہیں،دشمن کے تمام عزائم ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،بلوچستان میں ترقی و خوشحالی لانے کے لیے نئی نسلوں سمیت ہمیں اپناکردار ادا کرنا ہوگا،پرامن و مستحکم بلوچستان کے خواب کو تعلیم ہی کے ذریعے ممکن بنایا جاسکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ایف سی اسکول میں منعقدہ دوروزہ سائنسی نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب میں کیا،سائنسی نمائش کے مقابلوں میں ضلع بھر کے 24اسکولوں کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا،نمائش میں مختلف سائنسی آلات ،جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرنے علاوہ ماڈلز رکھے گئے تھے۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر ذاکر ناصر،کمانڈنگ آفیسر89ونگ کرنل ضیاء اللہ،سینئر سپرٹنڈنٹ آف پولیس نجیب اللہ پندرانی، ڈسٹرکٹ چیئرمین ملک قائم الدین دہپال،ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹرایجوکیشن جان محمد صافی،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد اویس منہاس،ڈائریکٹر ایجوکیشن ایف سی اسکول نعمان خان،مسز کمانڈنٹ اور مسز ضیاء اللہ خان سمیت مختلف اسکولوں کے سربراہان اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
قبل ازیں مہمان خصوصی سابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش خان باروزئی،کمانڈنٹ سبی اسکاؤٹس کرنل ذوالفقار باجوہ،ڈپٹی کمشنر ذاکر ناصر،ڈسٹرکٹ چیئرمین ملک قائم الدین دہپال،سابق میونسپل چیئرمین حاجی داؤد رند و دیگر نے سائنسی نمائش کا معائنہ کیا اور طلباء و طالبات کی صلاحیات وکاوشوں کو سراہا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش خان باروزئی،کمانڈنٹ سبی اسکاؤٹس کرنل ذوالفقار باجوہ،ڈسٹرکٹ چیئرمین ملک قائم الدین دہپال،سابق میونسپل چیئرمین حاجی داؤد رند نے کہا کہ تعلیم ہی وہ زیور ہے جس کے ذریعے ہم آنے والی تمام چیلنجز کا مقابلہ کرسکتے ہیں ۔
تعلیم نہ صرف انسانی ترقی بلکہ شخصیت میں بھی نکھار پیدا کرتی ہے اورہمیں پرامن و خوشحال مستحکم بلوچستان کے خواب کو عملی جامعہ بھی تعلیم ہی کے ذریعے ممکن بنانا ہے الحمد اللہ بلوچستان کی نئی نسل علم کے زیور سے آراستہ ہورہی ہے اور وہ اپنی صلاحیات کا لوہا منوانے کی حیثیت رکھتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہماری نئی نسوں میں صلاحیات کی کوئی کمی واقع نہیں ہے بلکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی صلاحیات کو اجاگر کرنے اور برؤئے کار لانے کے لیے مواقع فراہم کیئے جائیں