|

وقتِ اشاعت :   January 21 – 2018

کوئٹہ: نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان کے نوٹس لینے کے بعد کوئٹہ کے وسطی علاقوں میں صفائی مہم شروع کردی گئی لیکن نواحی علاقوں میں اب بھی جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے گزشتہ روز شہر میں صفائی کی ابتر صورتحال کا نوٹس لینے کے بعد میٹروپولیٹن کارپوریشن کا عملہ متحرک ہوگیا۔ میزان چوک، جناح روڈ، زرغون روڈ، انسکمب روڈ ، لیاقت بازار ، پرنس روڈ سمیت شہر کے مرکزی علاقوں میں جگہ جگہ صفائی مہم شروع کردی۔

قمبرانی روڈ، کشمیر آباد، سریاب روڈ ، سبزل روڈ سمیت شہر کے دیگر نواحی علاقوں میں کئی مہینوں سے پڑا ہوا کچرا انتظامیہ کا منہ چڑا رہا ہے۔ سریاب روڈ پر یونیورسٹی چوک تک تو صفائی کی گئی لیکن یونیورسٹی چوک سے کسٹم تک علاقے میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔

کیچی بیگ، موسیٰ کالونی، خلجی کالونی، غوث آباد، سیٹلائٹ ٹاؤن، پشتون آباد، سمنگلی ، بلیلی، نواں کلی اور دیگر نواحی علاقوں میں بھی علاقہ مکینوں نے کئی سالوں سے خاکروبوں کا چہرہ تک نہیں دیکھا۔ کچرا کنڈی نہ اٹھانے کی وجہ سیتعفن، بدبو سے شہریوں کی مشکلات دوچند ہوگئی ہیں۔

پلاسٹک اور دیگر کچرہ سیوریج لائنوں میں گرنے کی وجہ سے گندا پانی سڑکوں پر بہتا ہے۔ قمبرانی روڈ پر فٹ پاتھ کے اوپر اور سڑک کے بیچوں بیچ پڑا کچرا حادثات کا بھی سبب بنے لگا۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے نواحی علاقوں میں بھی صفائی مہم شروع کی جائے۔