|

وقتِ اشاعت :   January 22 – 2018

 اسلام آباد: وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ایل او سی پر بھارت نے اشتعال انگیزی کے سارے ریکارڈ توڑ دیے جب کہ خود مختاری کے دفاع کیلیے ہم ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔

ترجمان وزارت دفاع کے مطابق وزیر دفاع خرم دستگیر نے ایل او سی کے چری کوٹ سیکٹر میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور جوانوں سے ملاقات کی۔ وزیر دفاع نے مادر وطن کے دفاع کے لیے پاک فوج کے مورال کو سراہا۔

اس موقع پر خرم دستگیر نے کہا کہ گزشتہ سال 2017 میں ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، بھارتی فورسز کی جانب سے شہری آبادی پر گولہ باری کرنا قابل مذمت ہے، دفاع وطن کے لیے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا کہ پاک فوج دشمن کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، اپنی خود مختاری کے دفاع کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں،  ہمارے فوجیوں اور شہریوں کی شہادت کے باعث قوم کے حوصلے کو مزید مضبوط بنا دیا ہے، پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لیے سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔