کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے سول اسپتال کوئٹہ پہنچ گئے ٹراماسینٹر سمیت مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور انتظامیہ کو مسائل حل کر نے کے احکامات بھی صادر کئے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر اور طبی عملے کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے بدھ کو سول اسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ ٹراما سینٹر ، اوپی ڈی اور چلڈرن وارڈ کا معائنہ کیا۔اس موقع پر چیف سیکریٹری بلوچستان اورنگزیب حق، سیکریٹری صحت ، کمشنر کوئٹہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیر اعلیٰ مریضوں سے ملے تو شہریوں نے ادویات کی کمی اور ڈاکٹروں کی غیر حاضری سے متعلق شکایات کے انبار لگا دیے۔میڈیا سے بات چیت میں وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو علاج و معالجے کی ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
ہسپتالوں میں ادویات کی قلت ، ڈاکٹروں کی غفلت اور دیگر مسائل کا سختی سے نوٹس لیا جائے گا۔اس موقع پر اسپتال انتظامیہ نے وزیراعلیٰ سے کو بتایا کہ ان کے پاس ادویات اور دیگر ضروریات کیلئے بجٹ ناکافی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اسپتال میں زیر تعمیر چلڈرن کمپلیکس کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری ، سیکرٹری صحت اور کمشنر کوئٹہ کو اسپتال کے مسائل فوری حل کر نے کے احکامات جاری کئے۔
وزیر اعلیٰ عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے سول ہسپتال پہنچ گئے
![]()
وقتِ اشاعت : January 25 – 2018