|

وقتِ اشاعت :   January 28 – 2018

خضدار: بی این پی (مینگل ) بی این پی (عوامی ) بلوچستان نیشنل موومنٹ (حئی )پاکستان مسلم لیگ (ن) ،پیپلز پارٹی ،پاکستان تحریک انصاف ،انجمن معذوران ،زمیندار ایکشن کمیٹی نے خضدار میں غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ ،جمپروں کی کٹائی ،فیڈروں کی بندش کے خلاف جماعت اسلامی کے احتجاجی تحریک کی بھر پور حمایت کا اعلان کر دیا ،آج ہونے والے ریلی اور جلسہ میں بھی شرکت کیا جائے گا ۔

تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی خضدار کے امیر مولانا محمد اسلم گزگی نے مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جماعت اسلامی کے وفد نے بی این پی کے ضلعی سینئر نائب صدر حیدر زمان بلوچ ،پاکستان مسلم لیگ (ن) سینئر نائب صدر جاوید احمد سوز ،پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر رئیس عبدالرحمن کرد ،انجمن معذوران خضدار کے صدر لعل جان لانگو ،بی این پی (عوامی ) کے ضلعی صدر ڈاکٹر حضور بخش زہری ،ٹرانسپورٹ یونین کے رہنماء بابو یوسف غلامانی ،انجمن تاجران کے رہنماء حاجی محمد اقبال بلوچ اور دیگر سے ملاقاتیں کی ۔

ملا قات کے دوران انہیں کیسکو کی انتقامی کاروائیوں کے حوالے سے آگاہ کیا اور جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک کی حمایت کی درخواست کی سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے آج ہونے والے احتجاجی ریلی اور جلسہ کی حمایت کا اعلان کیا ۔

جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مولانا محمد اسلم گزگی کا کہنا تھا کہ ایکسین کیسکو اور ایس ڈی او کیسکو کی غلط پالیسوں ،جان بوجھ کر عوام کو انتقام کا نشانہ بنانے کی وجہ سے خضدار کے عوام مشتعل ہیں ایکسین کیسکو اور ایس ڈی او کیسکو کی نگرانی میں شہر میں طویل لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے ہر چوتھے دن مختلف فیڈروں کو 24 گھنٹے کے لئے بند کیا جاتا ہے ،جبکہ روزانہ متعدد محلوں کی جمپروں کو کاٹ کو بجلی منقطع کی جاتی ہے ۔

نادھندگان کے خلاف آپریشن کے نام پر چارداور چاریواری کی تقدس کا پامال کیا جا رہا ہے ان تمام نا انصافیوں کے خلاف ہماری احتجاجی تحریک جاری ہے اس سلسلے میں آج احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جو مختلف شاہراؤں سے ہوتی ہوئی مرکزی چوک پر جلسہ کی شکل اختیار کرے گی ۔

انہوں نے خضدار کے عوام سے اپیل کی کہ وہ آج ہونے والے احتجاجی ریلی اور جلسہ میں شرکت کر یں تا کہ ہم سب ملکر اپنے علاقے کو کیسکو کی انتقامی کاروائیوں سے محفوظ بنائیں ۔