کوئٹہ: کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ رک نہ سکا۔ مستونگ روڈ پر کسٹم کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک اہلکار شہید ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مستونگ روڈ پر شیخ زید ہسپتال کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے کسٹم کی وین پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے وین میں سوار کسٹم کا نجی باورچی محمد قاسم ولد محمد صادق بنگالی جاں بحق ہوگیا تاہم وین میں سوار دیگر تین اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
پولیس کے مطابق گاڑی میں سوار افراد نے بتایا کہ حملہ آوروں کی تعداد چار تھی جنہوں نے دونوں اطراف سے وین پر کلاشنکوف سے اندھا دھند فائرنگ کی ۔ ایک گولی وین میں سوار باروچی کو سر پر لگی جس سے اس کی موت ہوگئی تاہم ڈرائیور نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاڑی روکنے کی بجائے تیز رفتاری سے بھگائی اور نصف کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ایف سی کے ناکے پر جاکر روکی جس کے باعث وین میں سوار باقی افراد محفوظ رہے اور حملہ آور فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے کلاشنکوف کے پندرہ سے زائد خول ملے ہیں۔ حملہ آوروں نے وین پر دونوں اطراف اور سامنے فائرنگ کی۔ کسٹم اہلکار لکپاس پر واقع دفتر کی طرف جارہے تھے۔ کالعدم دہشت گرد تنظیم نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
یاد رہے کہ کوئٹہ میں رواں ماں اب تک ایک خودکش بم دھماکے اور ٹارگٹ کلنگ کی چھ وارداتوں میں دس پولیس اہلکاروں سمیت سولہ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
کوئٹہ ،ٹارگٹ کلنگ کا ایک اور واقعہ ،کسٹم کی گاڑی پر فائرنگ ایک اہلکار شہید
![]()
وقتِ اشاعت : January 30 – 2018