کوئٹہ : پنجاب یونیورسٹی میں بلوچ پشتون طلباء پر تشدد اور دہشتگردی کے جھوٹے مقدمات کے اندارج کیخلاف پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیراہتمام کوئٹہ پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔
احتجاجی مظاہرے سے پی ایس ایف کے رہنماؤں شہباز ایسوٹ ،انعام کاکڑ، ناصر میانی ودیگر کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں مذہبی تنظیم بلوچ پشتون طلباء پر زبردستی اپنا نظریہ مسلط کرنے کیلئے انہیں تشدد کا نشانہ بنارہی ہے جس میں پنجاب حکومت اور پولیس ان کیلئے سہولت کار کا کردار ادا کررہی ہے ۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جس طرح صوبے کے طلباء پر دہشتگردی کے مقدمات قائم کرکے انہیں عدالتون میں پیش کیا گیا اس عمل سے دونوں صوبوں کے عوام کے درمیان نفرتوں میں اضافہ اور دوریاں پیدا ہونگی ۔ رہنماؤں کا کہنا تھاکہ اپنی صلاحیتوں سے ہمیشہ یونیورسٹی کے تمام پروگرامز میں بلوچستان کے طلباء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے جو مذہبی تنظیم کو ہضم نہیں ہورہی ہے ۔
رہنماؤں کا کہنا تھاکہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ اور پنجاب حکومت بلوچستا کے طلباء کیخلاف قائم جھوٹے مقدمات واپس لیتے ہوئے پنجاب کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء کے تحفظ کو یقینی بنایاجائے ۔
کوئٹہ ،پنجاب یونیورسٹی کے واقعے کے خلاف پی ایس ایف کا احتجاجی مظاہرہ
![]()
وقتِ اشاعت : January 30 – 2018