|

وقتِ اشاعت :   January 31 – 2018

گوادر : گوادر پورٹ اتھارٹی اور چائنہ اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی لمیٹیڈ کے زیر اہتمام دو روزہ گوادر ایکسپو 2018 اپنی تمام تر رنگینیوں کے ساتھ اختتام پزیر ہو گیا ۔ گوادر ایکسپو 2018 کے جاری دو روزہ نمائش میں ملکی و غیر ملکی 126 مختلف مصنوعات کے اسٹال لگائے گئے۔ 

تفصیلات کے مطابق دو روزہ گوادر ایکسپو 2018 کا بین الاقوامی نمائش منگل کے روز اختتام پزیر ہو گیا ۔ ایکسپو نمائش کا افتتاح پیر کے روز وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کیا تھا جس میں چیرمین جوائنٹ اسٹاف کمیٹی، وزیر اعلیٰ بلوچستان، گورنر بلوچستان ، کمانڈر سدرن کمانڈ، وفاقی و صوبائی وزراء ، چینی سفیر کے علاوہ اعلیٰ سول و عسکری حکام اور سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ 

دو روزہ گوادر ایکسپو 2018 گوادر کی تاریخ میں پہلی بار منعقد ہوا ہے جس میں نا صرف ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے اس میں دلچسپی ظاہر کی بلکہ 5535 شہریوں نے بھی اس نمائش میں شرکت کرکے اس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ۔ نمائش میں اسکولوں کے طلبا و طالبات نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔