|

وقتِ اشاعت :   February 1 – 2018

کوئٹہ:  بلوچستان کلرکس ٹیکنیکل ایمپلائز ایسوسی کے رہنماؤں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی عوامی مسائل کے حل کیلئے جاری اقدامات پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کوسٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ملازمین کی چار ماہ سے بند تنخواہوں کے اجراء کیلئے احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہر ماہ ملازمین کو باقاعدگی سے تنخواہوں کی ادائیگی کا پابند بنائے۔

کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شکر خان رئیسانی، شمس اللہ کاکڑ، ارسلان تاجک اور دیگر کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کلرکس اینڈ ٹیکنیکل ایمپلائز ایسوسی ایشن صوبے میں مزدور طبقہ کی نمائندہ تنظیم ہے جس نے ہر مشکل وقت میں ملازمین کا ساتھ دیتے ہوئے انکے مسائل کے حل کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہمارے مثبت اقدامات اور عملی جدوجہد کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے ملازمین ہمارے ساتھ جدوجہد میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے شمولیت اختیار کرہے ہیں اس موقع پر بلوچستان کوسٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی سے تعلق رکھنے والے سمیع اللہ، محمد عارف، فیروز، آزاد خان، عبدالرزاق اوردیگر ساتھیوں کے ہمراہ بلوچستان کلرکس اینڈ ٹیکنیکل ایمپلائز ایسوسی ایشن میں شمولیت کا اعلان کیا۔