|

وقتِ اشاعت :   February 2 – 2018

اوتھل: علاقائی مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کیے جائیں گے ۔ لسبیلہ میں ترقیاتی اسکیمات پر نہ رکنے والا سلسلہ جاری رہے گا ۔ ضلع لسبیلہ میں روایتی امن کو برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مملکت پیٹرولیم و قدرتی وسائل نواب جام کمال خان عالیانی نے بیلہ میں اپنی رہائش گاہ پر لسبیلہ کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عمائدین معززین سے ملاقات کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع لسبیلہ میں جتنے کام اس دور میں ہوئے ہیں وہ کبھی بھی نہیں ہوئے ۔

بیلہ میں ایل این جی پلانٹ کا کام آخری مراحل میں ہے اس کے علاوہ لسبیلہ کے دیگر علاقوں میں ایل این جی کے پلانٹ بھی لگائے جائیں گے جس سے ضلع لسبیلہ کے لوگوں کو گیس کی فراہمی شروع ہو جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ضلع لسبیلہ میں 2بڑے تعلیمی ادارے پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ اور ریزیڈیشنل کالج کو بھی جلد فنگشنل کرایا جائے گا اس کے لئے لئے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو گزشتہ دنوں صوبائی وزیر پرنس احمد علی بلوچ کی سربراہی میں ضلع لسبیلہ کے معتبرین کے ایک وفد نے ملاقات کر کے یاداشت پیش کی تھی جس پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ لسبیلہ دونوں بڑے اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں جلد شروع کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبے کے لئے تربیت یافتہ لوگوں کی ضرورت پڑے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع لسبیلہ کے نوجوان تعلیم اور خاص کر کے ٹیکنیکل تعلیم پر توجہ مرکوز کریں تاکہ سی پیک کے منصوبے کے شروع ہوتے ہی ٹیکنیکل افراد کو باّ سانی روزگار کے مواقع حاصل ہو سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بیلہ شہر اور گرد و نواح میں ہونے والے زلزلے سے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے جس کے لئے PDMAکی ٹیم بھی بیلہ پہنچ گئی ہے اور جن لوگوں کا نْصان ہوا ہے ان کو معاوضہ دلانے کی ہر ممکن کوشش کر متاثرین کی مدد کی جائے گی ۔

اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل لسبیلہ غلام اکبر شیخ ، ممبر ضلع کونسل لسبیلہ سردار عبدالرشید پھورائی ، معروف قبائلی شخسیت سردار روئیداد رونجھو، چیئرمین میونسپل کمیٹی بیلہ محمد انور رونجھو، اے سی بیلہ عزت نذیر بلوچ ، تحسیلدار بیلہ نصیر احمد جاموٹ ،پریا مرس اللہ بچایا ، محمد اسماعیل برہ، عبدالمجید برہ، صوبہ خان مری، حاجی عبدالستار جاموٹ، وڈیرہ امام بخش جاموٹ ، چیئرمین یوسی کنراج عبدالرحمن جاموٹ ، خدا بخش جاموٹ ، عبدالستار محمودانی ، غلام حسین رونجھو، کریم بخش گنگو، وڈیرہ علی محمد گدور ، پی ایس اعجاز علی، محمد رفیق رونجھو، محمد عمر لاسی ، سابق ڈی ایس پی محمد الیاس رونجھو، سب انسپیکٹر غلام رسول رونجھو ،محمد عثمان برہ اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔