|

وقتِ اشاعت :   February 4 – 2018

دالبندین +کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع چاغی میں پاک افغان سرحد کے قریب دو گروہوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

ڈپٹی کمشنر چاغی عمران ابراہیم کے مطابق اتوار کی صبح پاک افغان سرحدی علاقے برآب چاہ میں نئی مارکیٹ میں دکانوں کی تعمیر اور ملکیت کے تنازع پر حاجی عبدالقدوس محمد حسنی اور حاجی طور جان عرف حاجی ناصر نورزئی گروپ کے درمیان تصادم ہوا۔

اس دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک گروہ کے چھ افراد جاں بحق جبکہ دوسرے گروہ کے دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔ اطلاع ملتے ہی لیویز اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور دونوں قبائل کے درمیان جنگ بندی کرادی۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق علاقے میں کشیدہ صورتحال کے باعث لیویز اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ برآب چاہ کے مقام پر پاک افغان سرحد کو ہر قسم کی آمدروفت کیلئے بند کردیاگیا ہے۔جاں بحق افراد کی شناخت حاجی عبدالقدوس گروپ کے محمد حسنی قبیلے سے تعلق رکھنے والے حاجی عبدالباقی اور اس کے بیٹے حاجی عبدالولی کے طور پر ہوئی ہے۔

حاجی عبدالباقی محمد حسنی کا بیٹا حافظ اسحاق زخمی بھی ہوا۔ دوسرے گروہ کے جاں بحق افراد میں حاجی طورجان ولد حاجی داؤد نورزئی، اس کے بھائی حاجی عبداللہ نورزئی، رشتہ دار محمد نبی ولد کوتوال نورزئی،عارف ولد حاجی وکیل نورزئی ، حاجی عبدلباری نورزئی اورحاجی سردار آغا ولد بشیر آغا قوم سید شامل ہیں۔ لاشوں کو ضروری کارروائی کیلئے دالبندین کے سرکاری منتقل کردیاگیا۔