|

وقتِ اشاعت :   February 4 – 2018

کوئٹہ: پنجگور میں دستی بم دھماکے میں ماں اور بیٹی جاں بحق اور بیٹا زخمی ہوگیا۔ دکی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

تفصیل کے مطابق پنجگور کے علاقے تسپ میں خیر آباد کے رہائشی عبدالحلیم کے گھر میں زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں عبدالحلیم کی اہلیہ حمیرہ اور پندرہ سالہ بیٹی سمیرا موقع پر ہی جاں بحق جبکہ بارہ سالہ بیٹا شیرجان زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں دھماکا دستی بم کا تھا۔

اہلخانہ نے پولیس کو بتایا ہے کہ شیرجان گھر کے قریب قبرستان سے دستی بم کھلونا سمجھ کر گھر لایا تھا اور اس سے کھیل رہا تھا کہ اچانک دھماکا ہوا۔ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ لاشوں اور زخمی کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پنجگور منتقل کردیا گیا۔

زخمی بچے کی حالت بھی انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے جسے ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

دریں اثناء ضلع دکی کے علاقے مشرقی بائی پاس پر ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پولیس اہلکار گاڑی میں معمول کے مطابق گشت کررہے تھے اس دوران نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں نذیر احمد ولد غلام مصطفی قوم حسنی سکنہ بارکھان اور نور احمد ولد مراد شاہ قوم ملیزئی سکنہ لورالائی شامل ہیں۔ پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔