کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع پنجگور اور خضدار میں بم دھماکوں کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق پیر کی شام کو پنجگور کے علاقے چتکان میں بسم اللہ چوک پر ٹائر کی دکان کے باہر دھماکا موٹرسائیکل پر نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا۔ دھماکے میں کامران اسماعیل مینگل نامی شخص کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ۔
پولیس کے مطابق دھماکا انتہائی شدید تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے سے زمین لرز اٹھی اور دھواں اٹھنے لگا۔ دھماکے میں بال بیرنگ سمیت لوہے کے دیگر ذرات کا بھی استعمال کیا گیا تھا جس سے ڈبل ڈور ویگو گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار کامران مینگل کا بھائی سلیمان ولد اسماعیل جاں بحق ہوگیا جبکہ کامران اسماعیل مینگل ،ان کے بھائی شہباز اسماعیل اورچچازادعمر جان اور چار راہ گیر زخمی ہوگئے۔
راہ گیروں میں حبیب اللہ ولد اللہ بخش اس کا تین سالہ بیٹا محمد ہارون، داد جان ولد عبدالقادر اور پرویز ولد عبدالغنی شامل ہیں۔ لاش اور اول الذکر تین زخمیوں کو ایف سی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں کامران مینگل کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دیگر چار زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پنجگور پہنچایا گیا۔
کامران مینگل کو تشویشناک حالت میں کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق کامران مینگل یوم یکجہتی کشمیر ریلی میں شرکت کے بعد واپس گھر کی طرف جارہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔
واقعہ کے بعد پولیس اور ایف سی نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔
ادھر خضدار میں سلطان ابراہیم خان روڈ پر دھماکے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ دھماکے سے کچھ دیر قبل یوم یکجہتی کشمیر ریلی گزری تھی۔دھماکا خیز مواد سڑک کے درمیان ڈیوائیڈر میں چھپایا گیا تھا۔
پنجگور اور خضدار میں بم دھماکے ایک شخص جاں بحق 8 افراد زخمی
![]()
وقتِ اشاعت : February 6 – 2018