|

وقتِ اشاعت :   February 7 – 2018

کوئٹہ:  بی این پی کے مرکزی صدر و سابق وزیر اعلی بلوچستان سردار اخترجان مینگل،مرکزی سیکرٹری سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی، ڈپٹی سیکرٹری لعل جان بلوچ،سابق ایم این اے میرعبدالروف مینگل نے ممتاز دانشور و بزرگ صحافی صدیق بلوچ کے انتقال کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہیں کہ صدیق بلوچ نے اپنی قلم سے بلوچ قوم اور بلوچستان کا مقدمہ بہتر انداز میں پیش کیا ان کی خدمات بلوچ قوم بلوچستان و سندھ کے عوام کے لیے نا قابل فراموش ہیں ۔

ان کے انتقال سے بلوچ قوم ایک اعظیم دانشور بزرگ صحافی اور علم کے خزانے سے بھر پور شخصیت سے محروم ہو گئی ہے بلوچستان نیشنل پارٹی اس دکھ اور تکلیف کی لمہ میں صدیق بلوچ کے خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہیں سردار اخترجان مینگل اور بی این پی کے مرکزی رہنماوں نے صدیق بلوچ کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ھوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام دیں۔

مشترکہ بیان میں نامور صحافی واجہ صدیق بلوچ کو ان کی خدمات اور آزادی صحافت کیلئے ان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم کی بلوچستان میں خدمات گراں قدر ہیں ان کی قربانیاں اور صحافتی امور سرانجام دیتے ہوئے بلوچستان کے مسائل کو جس انداز میں اجاگر کیا ان کی مثال کم ملتی ہے ایسی شخصیات بہت کم پیدا ہوتے ہیں جو اجتماعی طور پر عوام کیلئے سوچتے ہوں ۔

انہوں نے زندگی بھر اصولوں کی پاسداری کی اور گروہی مفادات کو ہمیشہ رد کیا اور اپنے قلم کی طاقت سے سول و آمر ڈکٹیٹروں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہو کر بلوچستان کی آواز بلند کی بلوچ ساحل وسائل، یہاں کی محرومیوں اور محکومیت کے خاتمے ، انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف ان کی جدوجہد روز روشن کی طرح عیاں ہے ۔

پارٹی کی جانب سے انہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا گیا کہ مرحوم کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا غیر جانبدارانہ تجزیئے ، خیالات و افکار اور سوچ کو تحریری شکل دے کر عوام تک پہنچایا ان کے مضبوط ارادے کسی بھی سطح پرپست نہیں ہوئے بلند حوصلے کے ساتھ آزادی صحافت کی پاسداری کرتے رہے مرحوم کی خدمات کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔

پارٹی رہنماؤں نے واجہ صدیق بلوچ کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی گئی اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے –