ڈھاڈر: ضلع کچھی کے علاقے بالا ناڑی میں خسرہ کی وباء پھوٹ پڑنے سے14بچے جاں بحق متعدد میں مرض کی تشخیص ہنگامی بنیادوں پر ویکسین نیشن کا عمل جاری ۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کچھی کی سب تحصیل بالاناڑی کے علاقے گوٹھ دوسہ لاشاری میں خسرہ کی وباء پھوٹ پڑی جس نے 14معصوم جانوں کی زندگیوں کو موت کی وادی میں پہنچا دیا یونین کونسل گور کے چئیرمین عبدالستار لاشاری کے مطابق انکے علاقے میں محکمہ صحت کی ٹیمیں کبھی کبھار آکر ویکسین کرکے چالے جاتے تھے ۔
مگر بعد ازاں ان بچوں میں خسرہ کی مرض شدید حالت میں لاحق ہونے کے بعد لاپرواہی سے عطائی ڈاکٹروں کی وجہ سے موت کی منہ میں چلے گئے جس کی وجہ سے مذکورہ متاثرہ علاقے میں ہلاکتوں میں اضافہ ہوا مرنے والے بچوں میں عرفان علی ولد عبدالغفار،طاہرہ بی بی بنت نصر اللہ،سلطانہ بی بی بنت اکرم ،سائرہ بی بی بنت خدا بخش،زر بی بی بنت مانک خان،،سائرہ بنت شاہ میر،ساجدہ کریم بخش،سویرا بی بی بنت دلدار،سکینہ بنت عبدالکریم،ریحان ولد رزاق،دیدار ولد گلزار،دلدار علی ولد گلزار علی،زیبا بی بی بنت صحبت خان اور نسیمہ بی بی بنت محمد حسین شامل ہیں۔
جبکہ ڈی ایچ او کچھی ڈاکٹر غلام مرتضی شاہ کے مطابق محکمہ ہیلتھ کی میڈیکل ٹیموں کے ہمراہ متاثرہ مذکورہ علاقے کے 150 بچوں کو مورخہ 13جنوری کو جاکر ویکسین کیا گیا تھا انکا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقے میں بچوں میں خسرہ کے حوالے سے محکمہ ہیلتھ کی ٹیموں کو کسی نے بھی مطلع نہیں کیا جبکہ دیگر ذرائع سے معلوم ہوا کہ خسرہ سے ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔
جن کیلئے ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ علاقے ٹیموں اور تحصیلدار بالاناڑی لیاقت جتوئی کے ہمراہ پہنچ کر مذکورہ علاقے میں 250سے زائد بچوں کی ویکسینیشن کی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ علاقے میں خسرہ کی وبائی مرض پھلنے کے بعد عوام نے اپنے بچوں کو عطائی ڈاکٹروں کے پاس لیکر گئے ہیں جنکی وجہ سے زیادہ تر ہلاکتیں ہوئی جنکے خلاف کاروائی کی جائیگی انہوں نے کہا کہ ضلع کچھی کے دیگر دور دراز علاقوں میں بھی وبائی مرض خسرہ کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر ٹیمیں تشکیل دیکر ویکسینیشن کا عمل جاری ہے
کچھی ،بالا ناڑی میں خسرہ کی وباء پھوٹ پڑی 14 بچے جاں بحق ،متعدد متاثر
وقتِ اشاعت : February 16 – 2018