|

وقتِ اشاعت :   February 17 – 2018

کوئٹہ : بلوچستان میں دو کامیاب فٹبال ٹورنامنٹس کے بعد پاکستان پیٹرولئیم لمیٹڈ(پی پی ایل) لا رہا ہے ملک کا سب سے بڑا اسپانسرڈ فٹبال ٹورنامنٹ، پی پی ایل بلوچستان فٹبال کپ2018 (پی بی ایف سی2018 )، جس کاآغاز 17 فروری سے صوبے کے 6 ڈویژنز کوئٹہ، قلات، مکران ، سبّی، ژوب اور نصیرآباد میں کھیلے جانے والے کوالیفائنگ راؤنڈ سے ہونے جارہا ہے۔

فائنل راؤنڈ یکم مارچ سے صادق شہید فٹبال اسٹیڈیم (مالی باغ)، کوئٹہ میں شروع ہوگا جس میں 28 مارچ کو سیمی فائنلز اور 30 مارچ کو فائنل میچ کھیلے جائیں گے ، جنہیں براہ راست نشر کیا جائے گا۔ہرسال شرکت میں ہونے والے اضافے کے ساتھ ، اس ٹورنامنٹ میں 38 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں تقریباً 700 کھلاڑی ، کھیلے جانے والے 80 میچز میں حصہ لیں گے۔

صف اوّل کے موجودہ اور سابق قومی فٹبالرز، کلیم اللہ خان، محمد عیسیٰ خان، زاہد حمید، سعد اللہ، شیر علی ، نصراللہ خان بلوچ اور رجب علی ٹورنامنٹ کے سفیر ہیں۔

پی پی ایل کے ایم ڈی و سی ای او سید وامق بخاری نے اپنے پیغام میں کمپنی کے متنوع سی ایس آر پروگرام کے تحت بلوچستان کی پسماندہ آبادی کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے پی پی ایل کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ”ان ٹورنامنٹس کے ذریعے ہم بلوچستان میں بنیادی سطح پر نوجوانوں کو شامل کرکے ٹیلنٹ کو نکھارنے میں کامیاب ہوئے ہیں جس کی بناء پر وہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلوں میں شرکت کر سکیں گے۔

گذشتہ ٹورنامنٹس میں شائقین کی بڑ ی تعداد نے ان مقابلوں کودیکھا ہے، جس نے ان کی امیدوں اور خوشیوں میں اضافہ کیا ہے اور صوبے کے مثبت تاثر کو فروغ دیا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ پی بی ایف سی 2018 میں بھی نہ صرف یہی جوش و جذبہ قائم رہے بلکہ اس میں اضافہ ہو”۔

پی پی ایل، ٹیموں کی بھرپور شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے تمام ٹیموں کو پرکشش مراعات فراہم کرے گی جن میں اسپورٹس کٹ، انعامات اور سفری اخراجات کے لئے الاؤنسز شامل ہیں ۔

کمپنی نے فٹبال کے ان میدانوں کی تزئین و آرائش کی ضمن میں بھی اخراجات کئے ہیں ، جہاں یہ مقابلے منعقد ہوں گے۔ٹورنامنٹ کا انعقاد حکومتِ بلوچستان اور بلوچستان فٹبال ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کیا جارہا ہے۔