کوئٹہ: کیچ اور لسبیلہ سے دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں ۔ لیویز ذرائع کے مطابق کیچ کے علاقے لیویز تھانہ دشت کی حدود میں پنودی کے نام سے لیویز کو ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے بے دردی سے تشدد کرکے اور گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔
مقتول کی شناخت کیچ کے علاقے دشت کھڈان کے رہائشی38سالہ یونس ولد امام بخش کے نام سے ہوئی ہے۔ مقتول کو 14جنوری کو نامعلوم افراد نے دشت کے علاقے سائیجی سے اغواء کیا تھا۔
قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ادھر لسبیلہ کے صنعتی شہر حب کے علاقے مینگل آباد کی جھاڑیوں سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جسے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے لسبیلہ پولیس نے جام میر غلام قادر ہسپتال حب منتقل کیا۔متوفی کو تشدد کرکے قتل کردیا گیا تھا۔
بعد ازاں لاش کی شناخت 55سالہ غلام یاسین ولد اوبایہ قوم چھٹہ سال کے نام سے ہوئی۔متوفی کے کزن نور احمد کے مطابق غلام یاسین کل تین بجے گھر سے نکلا تھا اور آج صبح اس کی تشدد شدہ لاش مینگل آباد کے علاقے کی جھاڑیوں سے ملی ۔
پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان نے اسے رات یا علی الصباح قتل کرکے لاش مینگل آباد کی جھاڑیوں میں پھینک دی تھی۔لسبیلہ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
کیچ اور لسبیلہ سے دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد
![]()
وقتِ اشاعت : February 21 – 2018