|

وقتِ اشاعت :   March 4 – 2018

کوئٹہ:  پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سرکاری مسلم لیگ نہیں ایک نظریہ کا نام ہے بلوچستان میں چند لوگوں کو ساتھ میں ملاکر وزارت اعلیٰ کا خواب دیکھنے والوں کو ناکامی ہوگی ۔

صوبے میں قوم اور مذہب کے نام پر اقتدار تک رسائی حاصل کرنے والوں نے صوبے کے عوام کا استحصال جاری رکھا ہے۔جنوبی بلوچستان کے لوگ تعلیم صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم کروڑوں روپے مدارس کی تعمیر پر خرچ کرکے ذاتی مفادات بٹورے گئے ہیں۔ نظم و ضبط اور اصولوں کی پاسداری نہ کرنے والی قومیں کبھی آگے نہیں بڑھ سکتیں۔ 

تحریک انصاف ایک سمندر کا نام ہے۔ جس کی لہروں کا روکنا اب کسی کے بس میں نہیں پارٹی میں اس کو عزت ملے گی جو ملکی استحکام ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کریگا ذاتی مقاصد حاصل کرنے والوں کا دور ختم ہوچکا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہال میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری قاسم خان سوری ، ڈسٹرکٹ کوئٹہ کے صدر نورا الدین کاکڑ سمیت ضلعی عہدیداروں نے بھی خطاب کیا ورکرز کنونشن میں خادم حسین وردگ باری بڑیچ نوابزادہ شریف جوگیزئی، فرید کاکڑ، خواتین سیکرٹری ، منورہ منیر، سینٹرل کمیٹی کی رکن سعیدہ بانو، شائستہ خان، ہمایوں بارکزئی سمیت پارٹی عہدیداروں اور کار کنوں کی بڑی تعداد ورکرز کنونشن میں شریک تھی۔ 

سردار یار محمد رند کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کے عوام نے خدمت کا موقع دیا تو بلوچستان میں حقیقی تبدیلی لاکر دکھائیں گے۔ بے روزگاری کا خاتمہ تعلیم کے فروغ، قیام امن کو یقینی بناکر عوام کو انکی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ 

صوبے کی عوام تحریک انصاف کا پرچم تھام کر ظلم کیخلاف جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں ان کا کہنا تھا کہ سبی، قلعہ عبداللہ کے بعد کوئٹہ میں ورکرز کنونشن کی کامیابی نے تحریک انصاف کی بلوچستان میں مقبولیت ختم ہونے کے دعویداروں کی صفوں میں کھل بھلی مچادی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مذہبی جماعت کے گزشتہ دور حکومت میں صوبے کو ملنے والے 850ارب روپے کرپشن کی نذر کرنے کے بعد ایک مرتبہ پھر پیپلز پارٹی صوبے میں آئندہ حکومت بنانے کی دعویدار ہے ہم ان پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ صوبے میں حکومت بنانے کی دعویدار جماعت چند افراد کو ساتھ ملانے میں کامیاب تو ہوسکتی ہے مگر صوبے کی عوام بکا مال نہیں جو چند شاہی سکوں کے لئے اپنے ضمیر کا سودا کریں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ حکومت بنانا تو درکنار مذکورہ جماعت کو اپنی ممبر سازی کے لئے بھی رشوت دیکر لوگوں کو اکٹھا کرنا پڑرہا ہے۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سردار یار محمد رند کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف سرکاری مسلم لیگ نہیں ایک نظریہ جدوجہد کا نام ہے اس پارٹی کے وارث کارکن ہیں اور کارکنوں کی طویل جدوجہد ہی کی بدولت آج ملک میں عدلیہ کا بول بالا اور چوروں کے احتساب کی راہ ہموار ہوئی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک سے ظلم و جبر اور چھوٹی قومیتوں کے حقوق سلب کرنے کی تاریک رات کا خاتمہ ہوگیا ہے کارکن پارٹی قائد عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچا کر 2018کے انتخابات میں نفرت کی بنیاد پر سیاست کرنے والوں کو انکے منطقی انجام تک پہنچانے کی راہ ہموار کریں ۔

ان کاکہنا تھا کہ 10یوسیز کی کنونشن کے بعد اب 58یونینز کاکنونشن انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن اور خواتین ورکرز کنونشن کی تاریخوں کا اعلان جلد کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کے آنے یا جانے سے پارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑتا تحریک انصاف ایک سمندر کا نام ہے۔ جس کی لہروں کا روکنا اب کسی کے بس میں نہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ 2018کے انتخابات کا سورج صوبے میں تحریک انصاف کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہوگا۔ کارکن پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں تحریک انصاف میں اس کو قدر ومنزلت ملی گی جو عمران خان کے نظریہ کو ساتھ لیکر چلے گا چور دروازے سے اقتدار میں آکر ذاتی مفادات حاصل کرنے والوں کیلئے پارٹی میں کوئی گنجائش نہیں۔