|

وقتِ اشاعت :   March 5 – 2018

کوئٹہ: کوئٹہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس اہلکار سمیت 2افراد جاں بحق ، تربت میں دستی بم حملے کے نتیجے میں سیکورٹی اہلکار سمیت 4افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ٹریفک پولیس اہلکار کانسٹیبل مبشر عباس اپنے گھر جارہے تھے کہ سرکی روڈ رحمت کالونی میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے انہیں قتل کردیا اورفرارہوگئے پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا اور ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

کوئٹہ کے علاقے علی بھائی روڈ پر مسلح افراد کی دکان پر فائرنگ سے کم عمر بچہ جاں بحق ہوگیاتاہم فائرنگ میں باپ اور بیٹا محفوظ رہے ۔لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیاگیا مزیدکارروائی متعلقہ پولیس کررہی ہے ۔

ضلع کیچ کے علاقے تربت بازار میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی جانب سے سیکورٹی فورسز پر دستی بم سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک سیکورٹی اہلکار محمدخان ،3راہگیر فیض اللہ ،افضل ،نیک داد زخمی ہوگئے زخمیوں کو فوری طورپر تربت ہسپتال منتقل کردیاگیا ۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ۔