|

وقتِ اشاعت :   March 6 – 2018

 لاہور: 5 روزہ صفائی ستھرائی کے باوجود فیفا ہاؤس لاہور کی خستہ حالی برقرار ہے۔

پانچ 5 دن گزر جانے کے باوجود پی ایف ایف کے لاہور میں واقع ہیڈ کوارٹر کو مکمل طور پر صاف نہ کیا جاسکا۔ سیکریٹری پی ایف ایف لیفٹیننٹ کرنل (ر) احمد یار خان لودھی کا کہنا ہے کہ جب ہم نے فیفا ہاؤس کا چارج سنبھالا تو کروڑوں روپوں کی لاگت سے تعمیر ہونے والی ماضی کی پر شکوہ عمارت موہنجو داڑو اور ہڑپہ کے کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی تھی، ہر طرف گندگی وغلاظت کا راج تھا، سیم زدہ دیواروں سے جگہ جگہ سے پلستر اکھڑ چکا تھا جبکہ فرش کی ٹائلیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھیں۔

سیکریٹری فیڈریشن نے کہا کہ پی ایف ایف سیکریٹریٹ کی اس عمارت میں بجلی، پانی ، انٹر نیٹ اور ٹیلی فون سمیت تمام ضروریات معطل تھیں اور جا بجا گندگی کے ڈھیر تھے۔

کرنل احمد یار لودھی نے کہاکہ 5 دن کی لگاتار اور انتھک محنت کے بعد پی ایف ایف کے عملے کے دفاتر کو کسی حد تک قابل استعمال بنایا گیا ہے مگر ماضی کی طرح عمارت کی خوبصورتی کو واپس لانے کیلیے کافی وسائل درکار ہونگے، اولین کاموں میں ضروریات کی بحالی، فرشوں اور دیواروں کی مرمت وغیرہ شامل ہیں۔

صدر پی ایف ایف مخدوم سید فیصل صالح حیات کا کہنا تھا کہ میں چیلنجز قبول کرنے والا انسان ہوں، جب میں نے فٹبال کی باگ دوڑ سنبھالی تو انتہائی محنت اور لگن سے ہم پاکستان میں فٹبال کو ایک خاص مقام تک لے کے آئے تھے، اس دوران ہم نے نہ صرف انفراسٹرکچر کی مد میں بے شمار کامیابیاں سمیٹیں بلکہ 7 پرشکوہ فیفا فٹبال گول پراجیکٹس بھی بنانے میں کامیاب رہے۔

صدر پی ایف ایف نے انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 3 سال میں فٹبال کا بہت نقصان ہوچکا، مگر مجھے اپنی ٹیم پر بھرپور اعتماد ہے کہ ہماری محنت اور لگن سے وہ دن دور نہیں جب نہ صرف فٹبال کی ملکی و بین الاقوامی سرگرمیاں بحال ہونگی بلکہ ہماری قومی فٹبال ٹیمیں دنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم بھی لہرائیں گی۔

سید فیصل صالح حیات کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد کا سہرا بھی پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سر ہے ، ایک ایسے وقت میں جب دہشت گردی کی بنا پر پاکستان بین الاقوامی کھیلوں کی سرگرمیوں کیلیے نو گو ایریا بنا ہوا تھا ہم نے پاکستان میں سافٹ ویمن چیمپئن شپ سمیت بے شمار انٹرنیشنل فٹبال مقابلوں کا انعقاد کرکے ملک میں انٹرنیشنل کھیلوں کی بحالی کا راستہ ہموار کیا۔