|

وقتِ اشاعت :   March 9 – 2018

کوئٹہ :  بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما نوابزادہ میر حاجی لشکری رئیسانی ، جمعیت نظریاتی کے صوبائی امیر مولانا عبدالقادر لونی سمیت دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور پیرامیڈیکس کی حمایت کرتے ہوئے حکومت سے فوری جائز مطالبات منظور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 

سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور آل پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف فیڈریشن کی جانب سے مطالبات کے حق میں قائم احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما نوابزادہ میر حاجی لشکری رئیسانی نے احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں شعبہ طب کی حالت زار انتہائی تشویشناک ہے ،صوبائی درالحکومت کے ہسپتالوں میں مریضوں کو ادویات تک میسر نہیں۔ 

ڈاکٹروں اور طبی عملہ کی کمی کے باعث مریض ہفتوں معمولی نوعیت کے آپریشن کیلئے ایڑیاں رگڑنے پر مجبور ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ عوام کو صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے ریاست اپنی زمہ داریوں کا ادراک کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے ہی صوبائی وزیر صحت کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی سفارشا ت پر عملدرآمد سے انکار کررہی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صوبائی حکومت کے پاس سرکاری ملازمین طلباء ، اور عام لوگوں کے مسائل سننے کیلئے وقت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس اسٹاف کے جائز مطالبات کے لیے جاری احتجاجی تحریک میں انکا بھر پور ساتھ دیگی۔ انہوں نے حکومت سے فوری طور پر ہڑتالی ڈاکٹروں کے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ۔

اس موقع پر احتجاج پر بیٹھے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر یاسر خوستی اور پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر فضل الرحمان کاکڑ ودیگر کا احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہوئے کہنا تھا کہ پیرامیڈیکس اور ینگ ڈاکٹرز کے تسلیم شدہ مطالبات کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، اے این پی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک اچکزئی اور صوبائی سیکرٹری صحت نے مطالبات تسلیم کر کے جلد نوٹیفکیشن جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ 

مطالبات منظور نہ ہوے تو احتجاج کو مزید سخت کرینگے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سالوں سے ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس احتجاج کررہے ہیں اور سابق وزیراعلی نے مطالبات تسلیم کئے لیکن نوٹیفکیشن جاری ہونے میں بیوروکریسی روڑے اٹکارہی ہے۔

اس موقع پر جمعیت نظریاتی کے صوبائی امیر مولانا عبدالقادر لونی نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اورآل پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف فیڈریشن کے احتجاجی دھرنے میں یکجہتی کا اظہار کیااور وزیراعلی بلوچستان سے ینگ ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل کا مطالبات منظور کرنے کا مطالبہ کیا۔