|

وقتِ اشاعت :   March 20 – 2018

کوئٹہ: وادی بولان میں اپنی نوعیت کی منفرد اوربین الاقوامی معیار کی جیپ ریلی کا آغاز ہوگیا۔ ایف سی بلوچستان کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے ہونے والی تین روزہ جیپ ریلی میں جام کمال، میر نادر مگسی، رونی پٹیل، صاحبزادہ سلطان محمد علی اور میر حیات ساتکزئی سمیت ملک بھر سے ساٹھ سے زائد نامور کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ 

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر بلوچستان اور کمانڈر سدرن کمانڈ ہوں گے۔ نامور کلوگار اختر چنال اپنے فن کا مظاہرہ کرینگے۔تفصیلات کے مطابق بولان کی خوبصورت وادی میں پہاڑوں کے درمیان اور ندی کے کنارے جیپ ریلی شروع ہوگئی۔ 

ریلی کا اہتمام میر حیات ساتکزئی نے ایف سی بلوچستان کے تعاون سے کیا ہے۔ مجموعی طور پر نو کیٹگریز کے مقابلوں میں ملک کے نامور کار ریسر وفاقی وزیر جام کمال، رکن سندھ اسمبلی میر نادر مگسی، رونی پٹیل، صاحبزادہ سلطان محمد علی ، میر حیات ساتکزئی، میر ظفر مگسی، میاں بشیر احمد، میر سعید شاہوانی، زین محمود، میر زرک ساتکزئی، فہاد زرکوڑی ، اعجاز مری سمیت پنجاب، خیبر پشتونخوا اور سندھ سمیت ملک بھر سے ساٹھ سے زائد نامور اور نیشنل چیمپئن رہنے والے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ 

رونی پٹیل کی اہلیہ تشنا پٹیل سمیت خواتین کار ریسر بھی پہلی مرتبہ بولان جیپ ریلی کا حصہ بنیں گی۔ ملک بھر سے آنیوالے کھلاڑیوں نے بی بی نانی کے مقام پر خیموں پر مشتمل عارضی کیمپ لگادیا گیا ہے ۔پیر کو کوالیفائنگ راؤنڈ ہواجس میں کامیاب ہونیوالے آج منگل کو اسٹاک کیٹگری کی چار اور خواتین کی ایک کیٹگری کے مقابلے میں حصہ لیں گے۔ 

بدھ کو جیپ ریلی کی سب سے اہم پری پیئرڈ کی چار کیٹگریز کے مقابلے ہوں گے جس میں نادر مگسی، رونی پٹیل اور صاحبزادہ سلطان محمد علی میں کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ 

بدھ کو ہی اختتامی تقریب بھی ہوگی جس میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ،چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نور محمد مسکانزئی، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم احمد انجم ، وفاقی و صوبائی وزراء اور ارکان پارلیمان، قبائلی عمائدین اور اہم شخصیات شرکت کرینگی۔ 

اس موقع پر فوک گلورکار اختر چنال سمیت دیگر نامور فنکار بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرینگے۔ مقابلہ جیتنے والوں میں ایک لاکھ سے لیکر پانچ لاکھ روپے تک کے انعامات بھی تقسیم کئے جائیں گے۔

کمانڈنٹ ایف سی سبی سکاؤٹس کرنل ذوالفقار باجوہ ، لیفٹیننٹ کرنل آصف ، میجر جاوید ، میجر قمر ، ضلعی چیئرمین کچھی سردار خان رند اور ایونٹ کے آرگنائزر میر حیات ساتکزئی نے پیر کو اسٹاک اور پری پئیرڈ ، اسٹاک اور لیڈیز کیٹگریز کے مقابلوں کیلئے تیار ہونیوالے ٹریک کا معائنہ کیا اور ریلی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ جیپ ریلی کیلئے سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ 

کمانڈنٹ ایف سی سبی سکاؤٹس کرنل ذوالفقار باجوہ نے میڈیا کو بتایا کہ مقامی لوگوں اور ملک بھر سے نامور کھلاڑیوں کی شرکت سے بولان سے پورے بلوچستان اور ملک کو امن کا پیغام جارہا ہے۔ جہاں پہلے لوگ آنے سے ڈرتے تھے آج وہاں ایک ملکی سطح کی صحتمندانہ سرگرمی ہورہی ہے اور اس میں مقامی لوگ بھی بھر پور دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔ 

کرنل ذوالفقار کا کہنا تھا کہ اٹھاسی کلومیٹر طویل پتھریلا دشوار گزار اور خطرناک ٹریک ایک ماہ کی طویل مشقت اور محنت سے پاک فوج اور ایف سی کے انجینئرز اور اہلکاروں نے بھاری مشنری کی مدد سے تیار کیا ہے۔ یہ ٹریک وادی بولان کے علاقے کرتہ سے لیکر بی بی نانی اور آب گم تک بنایا گیا ہے جس میں تین مقامات پر دریا اور ندی کو بھی عبور کرنا پڑے گا۔ 

یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا مکمل پتھریلا ٹریک ہے ۔جیپ ریلی میں حصہ لینے والے وفاقی وزیر مملکت جام کمال ، جھنگ کے صاحبزادہ سلطان محمد علی ، کراچی کے رونی پٹیل، ان کی اہلیہ تشنا پٹیل، ندیم خان اور دیگر شرکاء نے بولان میں پہلی بار جیپ ریلی میں حصہ لینے پر مسرت کا اظہار کیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ یہ بین الاقوامی معیار کی جیپ ریلی ہے جس کیلئے پاک فوج اور ایف سی نے بھر پور محنت کی ہے ، ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ فورسز کی بدولت بولان جیسے علاقے میں امن قائم ہوا ہے، پہاڑوں کے درمیان دریا کے کنارے جیپ ریلی میں حصہ لیکر بہت اچھا محسوس ہورہا ہے۔ اس طرح کے مقابلوں کی انعقاد سے بلوچستان کا مثبت تشخص اجاگر ہورہا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار 88کلومیٹر پتھریلو اور دشوار گزار ٹریک پر مشتمل جیپ ریلی منعقد کی جارہی ہے ، چولستان تھر،جھل مگسی، گوادر اور حب سمیت دیگر علاقوں میں ہونیوالی ریلیوں میں ٹریک ریتیلا ہے اور اس پر گاڑی دوڑانا آسان کام نہیں۔ 

ضلعی چیئرمین کچھی سردار خان رند نے اس موقع پر کہا کہ کچھی میں پاک فوج اور ایف سی کی مدد سے منعقد ہونیوالی جیپ ریلی سے پورے پاکستان کو امن کا پیغام گیا ہے اور ان لوگوں کو بھر پور جواب ملا ہے جو بلوچستان کے حوالے سے اپنے ذہنوں میں منفی تاثر رکھتے ہیں۔ 

ایونٹ کے آرگنائزر میر حیات ساتکزئی نے بتایا کہ گزشتہ سال بھی بولان جیپ ریلی منعقد کی گئی تھی مگر اس بار پہلی مرتبہ نیشنل چیمپئن اور ملک کے نامور کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ 

ہماری کوشش ہے کہ ہم اس جیپ ریلی کو ہر سال اسی طرح بڑے پیمانے پر منعقد کرائیں تاکہ بولان ا ور بلوچستان سے ایک مثبت پیغام دنیا کو جائے اور ملک بھر سے لوگ اس علاقے کا رخ کریںیہاں کی خوبصورتی اور سیاحت سے لطف اندوز ہوں۔