|

وقتِ اشاعت :   March 21 – 2018

کوئٹہ: کوئٹہ ، مچھ اور حب سے تین افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد کرلی گئیں۔ پولیس کے مطابق منگل کو کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر زہری ٹاؤن سے نوجوان کی لاش ملی ہے جسے سینے میں ایک گولی مار کر قتل کیا گیا ہے۔ 

پولیس نے لاش تحویل میں لیکر سول ہسپتال پہنچادی۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے دو خالی خول ، مقتول کے جیپ سے پانچ ہزار روپے نقدی اور موٹرسائیکل کے کاغذات بھی ملے ہیں تاہم مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ 

موٹرسائیکل کے کاغذات بشیر احمد ولد شہباز خان سکنہ کاریز شیخ ماندہ کے نام پر ہے۔ ادھر بولان کی تحصیل مچھ کے علاقے انٹر کالج کے قریب گزشتہ شب لیویز کو نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے جسے سر پر گولی مار کر قتل کیا گیا ہے۔

22سالہ مقتول کی شناخت شاہرگ کے رہائشی رضا محمد سمالانی کے نام سے ہوئی ہے تاہم قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ دریں اثناء حب سٹی پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ حب کے سر براہی میں جام کالونی حب میں گھر کے صحن کی کھدائی کرکے مدفون لاش برآمد کرلی۔ 

یہ لاش کراچی کے علاقے سچل ٹاؤن سے گرفتار ملزم یعقوب کی نشاندہی پربرآمد کی گئی۔ پولیس کے مطابق ملزم یعقوب نے چھ ماہ قبل اپنی بیوی کو قتل کرکے گھر کے صحن میں میں دفن کیا اور ملزم نے اپنی بہو کو بھی قتل کیا تھا اور فرار ہوگیا تھا۔