اسلام آباد: کمانڈر ترکش نیول فورسز ، وائس ایڈمرل عدنان اوزبل نے نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی ۔یہ دورہ اُن باہمی دوروں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے جن کا مقصد دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعلقات کا فروغ ہے۔
نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ نے کمانڈرترکش نیول فورسز کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ سلامی کے بعدمعزز مہمان کانیول ہیڈ کوارٹرز میں تعینات پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کروایا گیا۔
بعد ازاں ، کمانڈر ترکش نیول فورسز ، وائس ایڈمرل عدنان اوزبل نے پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ اُموراوردو طرفہ بحری اشتراک پرتبادلہ خیال کیا ۔
دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون کے مختلف شعبوں بشمول تربیت ،باہمی دوروں اور دو طرفہ بحری مشقوں کے انعقادپر بھی گفتگو کی گئی ۔پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم اور کردار بالخصوص میری ٹائم دہشت گردی وبحری قزاقی کے خاتمے کے لئے مشترکہ عالمی ٹاسک فورسز میں پاک بحریہ کی شرکت پر روشنی ڈالی۔وائس ایڈمرل عدنان اوزبل نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے سلسلے میں پاک بحریہ کے کردار اور خدمات کو سراہا۔
ملاقات کے بعد معزز مہمان کو علاقائی مسائل پر پاک بحریہ کے نقطہ نظر اور بحرِ ہند میں امن و استحکام کے قیام کے سلسلے میں پاک بحریہ کے کردار اور کاوشوں پر بریفننگ دی گئی۔بعد ازاں،معزز مہمان نے نیول ہیڈکوارٹرز میں یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
نیول ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے بعد ایوانِ صدر میں ایک پُر وقار تقریب منعقد کی گئی ۔ اس تقریب میں صدرِ پاکستان جناب ممنون حسین نے وائس ایڈمرل عدنان اُزبال کو پاکستان کے اعلیٰ عسکری اعزاز نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا۔کمانڈترکش نیول فورسز کو یہ اعزازپاکستان اورترکی بالخصوص دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے سلسلے میں اُن کی غیر معمولی خدمات اور قابلِ قدر کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔
دورے کے دوسرے مرحلے میں وائس ایڈمرل عدنان اوزبل کراچی میں نیول فیلڈ کمانڈز کا دورہ کریں گے۔کمانڈ زترکش نیول فورسزکے دورے کے دوران ترکش نیوی کا فریگیٹ جہاز گیلی بولو(GELIBOLU)بھی کراچی کا دورہ کرے گا جو 7تا9اپریل تک شمالی بحیرہ عرب میں منعقد ہونے والی پہلی پاک ۔ترک باہمی بحری مشق میں شرکت کرے گا۔
کمانڈر ترکش نیول فورسزکے سربراہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان باہمی تعلقات میں مزید استحکام کا باعث بنے گا۔