کراچی : بحریہ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پانچویں ایم بی بی ایس اور دوسرے بی ڈی ایس کورس کا جلسہء تقسیم اسنا د آج منعقد ہوا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے133 گریجویٹس میں اسناد تقسیم کیں اور نمایاں کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے طلبا کو میڈلز عطا کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے اس اہم کامیابی پر طلبا اور ان کے والدین کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ طلبا کے لیے یہ ایک اہم موقع ہے کہ جہاں سے وہ تحصیل علم کے بعد ایک ایسے پیشہ ورانہ دور میں داخل ہوتے ہیں جس کا واحد مقصد انسانیت کی خدمت ہے۔ مہمان خصوصی نے کامیاب ہونے والے طلبا کو تلقین کی کہ وہ کردار کی تعمیر اور ایمان کی مضبوطی پر خصوصی توجہ دیں اور ایک مثبت سوچ اور جذبہء قربانی کے ساتھ ذاتی مفادات کو پش پشت ڈالتے ہوئے اپنے فرائض کی انجام دہی کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں۔
مہمان خصوصی نے بحریہ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی کامیابیوں کو سراہا اور اس امر پر زور دیا کہ کالج عصر حاضر کی میڈیکل سائنس کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کے لیے اپنے تعلیمی نصاب کو جدید طبی تحقیق کے مطابق ڈھالے ۔ نیول چیف نے مزید کہا کہ تعلیمی نصاب کو جدید اور سہل بنانے کا یہ عمل تسلسل کے ساتھ جار ی رہنا چاہیے۔
قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) محمد شفیق نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے طلباکو یہ اہم سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی پر بہترین گریجویٹس تیار کرنے کی بھار ی ذمہ داری ہے جو مختلف شعبہ ہائے زندگی میں مثبت کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی تناظر میں بحریہ یونیورسٹی وطن عزیز کو بہترین میڈیکل اور ڈینٹل گریجویٹس مہیا کرنے کے لیے پر عزم ہے جو معاشرے میں نمایاں مقام پیدا کرسکیں۔ لہذا بحریہ یونیورسٹی اپنے طلباکو تحصیل علم کے لیے بہترین ماحول مہیا کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ شعبہء صحت کے لیے بہترین تربیت یافتہ ڈاکٹرز تیار کیے جاسکیں۔
تقریب میں ماہرین تعلیم ، پاک بحریہ کے افسران پاس آؤٹ ہونے والے طلباکے والدین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔