|

وقتِ اشاعت :   April 9 – 2018

حب : بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے پہاڑوں کے دامن میں واقع خوبصورت مقام ہنگول میں ہندوں کا ہنگلاج نانی مندر کا سالانہ تین روزہ میلہ اختتام پذیرہوگیا ، ہنگلاج مندر کا میلہ ہندو تہذیب کا دنیا میں سب سے بڑا میلہ ہے اور یہ مندر ہندو تہذیب میں اہمیت کی حامل عبادت گاہ ہے جہاں ملک بھر سے ہندویاتری عبادت کے لئے آتے ہیں۔

میلے میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے مندر کے داخلی و خارجی راستوں پر اسنیپ چیکنگ کیا گیا ہنگلاج نانی مندر وادی ہنگول میں واقع ہے اور ہندو برادری کی جانب سے سالانہ تین روزہ میلہ جوش وخروش کے ساتھ منایا جاتا ہے اور اس میلے میں لاکھوں کی تعداد میں ہندو یاتری شرکت کرتے ہیں ۔

تین روزہ میلے میں لیویز فورس ، ایف سی بلوچستان اور بلوچستان کانسٹیبلری نے سیکورٹی انتظامات سنبھال رکھے تھے میلے میں اندرون سندھ بلوچستان سمیت پورے ملک لاکھوں کی تعداد میں ہندو یاتریوں نے ہنگلاج مندر یاترا میں آکر پوجا پاٹ کی اور ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں اور وزیراعلی بلوچستان کے معاون خصوصی دھنیش کمار پلیانی نے مندر کا دورہ کیا ۔

ہندویاتریوں سے خطاب و میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میلے میں سیکیورٹی انتظامات بہتر ہیں اور حکومت بلوچستان کی جانب سے لاکھوں روپے کی ادویات بھی فراہم کی گئی ہے جبکہ ہنگلاج نانی مندر کا تین روزہ سالانہ میلہ آج اختتام پذیر ہوا اور قافلے اپنے اپنے علاقوں کے لئے روانہ ہو گئے۔