کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں سال مون سون کی بارشیں معمول کے مطابق ہوں گی تاہم موسمِ گرما میں شہرقائد میں ہیٹ ویو کا بھی خدشہ ہے۔
کراچی میں محکمہ موسمیات کے زیرِاہتمام مون سون اورہیٹ ویو کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں بین الاقوامی ادارے ریجنل انٹرگریٹیڈ ملٹی ہیزرڈ ارلی وارننگ سسٹم کے نمائندے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ،کے الیکٹرک اور بلدیاتی نمائندوں نے شرکت کی۔
سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل غلام رسول کا کہنا تھا کہ رواں سال پاکستان سمیت پورے جنوبی ایشیا میں مون سون کی بارشیں معمول کے مطابق ہوں گی تاہم پاکستان کے تمام علاقوں میں یکساں بارشیں نہیں ہوگی پاکستان کے شمالی علاقوں میں زیادہ جبکہ سندھ اور بلوچستان میں کم بارشیں ہوں گی۔
ڈی جی میٹ نے کہا کہ پاکستان میں مئی اور جون میں موسمِ گرم اور خشک رہے گا اور درجہ حرارت بھی معمول سے ایک سے 2 ڈگری زائد رہے گا، کراچی میں مارچ کا آخری ہفتہ گرم ترین گزرا اور 30 شہروں میں گرمی کا ریکارڈ بھی ٹوٹا، رواں سال شہرِ قائد میں موسم گرما میں ہیٹ ویو کا بھی امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کوزائل کرنے میں پیچھے ہے، سمندری درجہ حرارت بڑھنے سے ٹراپیکل سائیکلون کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے اور پاکستان سمیت بھارت اوربنگلادیش میں ٹراپیکل سائیکلون بننے کے امکانات زیادہ ہیں۔