|

وقتِ اشاعت :   April 29 – 2018

کوئٹہ : جمال الدین افغانی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہزارہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے دو افراد کی ہلاکت کیخلاف ہزارہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے خواتین اور بچوں نے ہفتے کی دوپہر کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کیخلاف کاروائی کی جائے اور انہیں گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزاد ی جائے ۔

مقررین نے کہاکہ آئے روز کوئٹہ شہر میں ایک طبقے سے تعلق رکھنے والے ہزارہ کمیونٹی کے افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جارہاہے جس سے اب تک کئی افراد ٹارگٹ کلنگ کے نظر ہوچکے ہیں ،حکومت کو سب کچھ پتہ ہے اسکے باوجود ابھی تک ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جارہاہے ۔

حکومت کی دعوی بے بنیاد ہیں کہ وہ لوگوں کی جان ومال کا تحفظ کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے ہم سمجھتے ہیں کہ صوبائی حکومت لوگوں کی جان ومال کا تحفظ کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں اور جو حکومت عوام کی حفاظت نہیں کرسکتے تو اسکو مستعفی ہوجانا چاہیے ۔

بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید محمد داود آغا نے کوئٹہ شہر میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان اپنے اقتدار کے مزے لوٹ رہی ہے اور یہاں پر روزانہ ملت تشیعوں اور مظلوم عوام کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے اور ہماری حکومت آرام سے اپنی وزارتوں کے مزے لے رہی ہے۔

جمالدین افغانی روڈ پر ایک دکان پر فائرنگ کرکے جعفر ولد غلام علی ہزارہ اور محمد علی ولد خان علی ہزارہ کو شہید کیا گیا اور پولیس اورقانون نافذ کرنے والے ادارے قاتلوں کا کوئی سراغ نہیں لگاسکے ہم حکومت بلوچستان ،آرمی چیف اور چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے قاتلوں اورملک دشمن عناصر کو جلد از جلد گرفتارکرکے سرعام پھانسی دی جائے اور جو دہشت گرد اسوقت جیلوں میں بیٹھے ہیں انکی سزاوں پر فوری عملدرآمد کیا جائے ۔

تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے ترجمان نے کوئٹہ میں 2بے گناہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت امن وامان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے،دہشت گرد کسی مسلک ،صوبے کے نہیں بلکہ اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں جن کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ 

ترجمان نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں تسلسل کے ساتھ بے گناہ شہریوں کو دن دیہاڑے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایاجارہا ہے لیکن پولیس ان واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہوچکی ہے دہشت گرد با آسانی معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بناکر فرار ہوجاتے ہیں۔ 

ترجمان نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ ازلی دشمن کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے کوئٹہ شہر میں تسلسل کے ساتھ دہشت گردی کے سانحات کے تانے بانے مودی سراکر سے ملتے ہیں لیکن دشمن یاد ر ہے کہ بلوچستان کو مشرقی پاکستان بنانے کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ۔

ترجمان نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جس میں وہ مکمل طور ناکام ہوچکی ہے اگر حکومت عوام کو تحفظ نہیں دے سکتی تو اسے اقتدارمیں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔