|

وقتِ اشاعت :   April 29 – 2018

گوادر : گزرتے وقت کے ساتھ پانی اور بجلی کا بحران مزید سخت ۔ ضلع بھر میں پانی نایاب اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی۔ پانی ، بجلی و دیگر شہری مسائل میں اضافے کے سبب ضلع بھر میں عوامی ردعمل آنا شروع۔ 

تفصیلات کے مطابق گوادر ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے پانی کی نایابی اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ گوادر اور گرد و نواح میں گزرتے وقت کے ساتھ پانی کا بحران مزید سخت سے سخت تر ہوتا جا رہا ہے جبکہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث شہریوں کا برا حال اور کاروبار زندگی بھی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ 

گوادر سمیت ضلع بھر میں پانی و بجلی کا بحران اور دیگر شہری مسائل میں اضافے کے سبب سیاسی و سماجی جماعتوں کی طرف سے جلسہ ، مظاہرے احتجاج کے طور پر عوامی رد عمل بھی آنا شروع ہو گئے ہیں ۔ جبکہ دوسری طرف حکومتی اداروں کی جانب سے ان مسائل کو فوری طور پر حل کرانے کے لئے محض اعلانات کی حد تک وعدے ضرور ہو رہے ہیں مگر عملی صورت میں اقدامات سامنے نہیں آ رہے۔ 

واضح رہے کی اس وقت گوادر سمیت ضلع بھر میں شہریوں کے پاس ذخیرہ شدہ میٹھا پانی ختم ہو کر رہ گیا ہے جبکہ شہری بورنگ کے کھارے پانی سے کام چلا رہے ہیں ۔ آل پارٹیز کی جانب سے پانی کی بحران و دیگر مسائل پر 2مئی کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی گئی ہے۔