|

وقتِ اشاعت :   April 29 – 2018

ڈیرہ بگٹی :  جوں جوں گرمیاں زور پکڑتی جا رہی ہیں ڈیرہ بگٹی میں پانی کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ضلع ڈیرہ بگٹی میں پیر کوہ اور زین لوٹی جہاں گیس کے فیلڈ بھی اس بحران سے شدید متاثر ہیں ۔

آئے روز ان علاقوں کے مکین سڑکوں پر آکر اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہیں۔گزشتہ روز بھی زین لوٹی کے مکینوں نے علاقے میں پانی کے جاری بحران پر بازار بند کر کے سڑک پر ٹائر جلا ئے جس سے لوٹی،سوئی روڈ ٹریفک کے لیئے بند رہی۔احتجاجیوں نے کہا کہ ہم لوگ پانی کے بوندھ بوندھ کے لیئے ترس رہے ہیں ۔

پہلے تھوڑا بہت پانی او جی ڈی سی ایل رفراہم کرتا تھا مگر اب نہیں کر رہا ہے ،مقررین نے کہا زین لوٹی میں پانی کے بحران کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے ۔ہم لوگ عرصہ دراز سے پانی کے لیئے روڈ پر سراپا احتجاج ہیں مگر صوبائی حکومت ہمارے لیئے کچھ نہیں کر رہی ہے انھوں نے کہا کہ ہم صوبائی حکومت اور او جی ڈی سی ایل کمپنی سے اپیل کرتے ہیں کہ پانی کا مسئلہ جلد حل کریں ورنہ لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو جائینگے۔